میلاد مصطفیﷺ

 راقم اس لائق نہیں کہ سرکاردوعالمﷺ کی ولادت یا شان بیان کرے ۔آج بحکم پیرومرشد سیدعرفان احمد شاہ المعروف نانگامست میلاد مصطفیﷺ کی شان بیان کرنے کی ادنیٰ سی کوشش کرنے جارہاہوں ۔پیرومرشد سیدعرفان احمد شاہ المعروف نانگامست ہرماہ چاند کے دوسرے اتوارآستانہ عالیہ حضرت خواجہ اُویس قرنیؓ پیرووالاروڈ نزد جناں والی مسجد قصورپرعظیم الشان محفل میلاد مصطفیﷺ کا اہتمام کرتے ہیں جس میں ملک بھر سے علماء کرام اور نعت خواں حضرات شرکت کرتے ہیں۔یوں تودرویش جس محفل میں موجودہو روحانیت کے دروازے کھول دیتاہے پرآستانہ عالیہ پر ہونے محفل میلاد مصطفیﷺ میں خاص روحانیت محسوس ہوتی ہے۔ آستانہ حضرت خواجہ اُویس قرنی پر ہونے والی محفل میں شامل ہونی والی مخلوق انتہاء درجہ سکون حاصل کرتی ہے۔یہان مخلوق کا لفظ اس لئے استعمال کررہا ہوں کہ پیرومرشِد کے پاس صرف انسان ہی نہیں بلکہ دوسری مخلوقات بھی فیض پانے آتی ہے ۔ماہ رمضان المبار ک کے مہینے میں یہ پروگرام 28جون 10رمضان المبارک بروزاتوارنماز عصر تامغرب ہوگا ہرسال کی طرح اس سال بھی پیرومرشِد5جولائی کو عمرہ اورمسجد نبوی میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ سودی نظام کے خاتمے،اُمت مسلمہ کی کامیابی وکامرانی اور خاص طور پرپاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی دُعافرمائیں گے۔اس روح پرور محفل میلاد مصطفیﷺ میں باربارشمولیت اور پیرومرشِد کی تربیت میں بہت قلیل وقت گزارنے پرآج یہ سعادت نصیب ہورہی ہے کہ دنیاکے مختلف موضوعات پر فضول قسم کے تجزیے کرنے کے بعد شان میلاد مصطفیﷺ بیان کررہاہوں۔دُعاگوہوں کہ اﷲ تعالیٰ مجھے آپﷺ کی شان میں خوبصورت الفاظ ،ادب و احترام اور محبت کے ساتھ بیان کرنے کی توفیق عطافرمائے اور غلطی کوتاہی کومعاف فرمائے ۔ ’’میلاد‘کے معنی ہیں: ولادت کا وقت یا عظیم الشان ولادت‘ مولد کے معنی بھی ولادت کا وقت ہے۔ اہل ا سلام کے مطابق میلاد یا مولد سے مراد سرکاردوعالم حضرت محمدﷺ کی ولادت با سعادت ہے۔ محفل میلاد یا جلسہ میلاد یا میلاد کانفرنس سے مراد ایسا روح پرور اجتماع ہے جس میں سرکارِ مدینہ سرورقلب وسینہ حضرت محمدﷺ کی ولادت طیبہ کے زمانے میں ظاہر ہونے والے بابرکت اوررحمتوں بھرے واقعات کا تذکرہ کرکے برکات حاصل کی جائیں۔ اﷲ تعالیٰ نے سورۃ مریم میں حضرت عیسیٰ علیہ سلام اور سورۃ قصص میں حضرت موسیٰ علیہ سلام کی ولادت اور ولادت کے وقت ان انبیاء کرام کی ظاہر ہونے والی عظمتوں اور شانوں کا ذکر کیا ہے۔ اسی طرح علماء اکرام کے مطابق سنت رسول، سنت صحابہ و اہل بیت اور سنت سلف صالحین سے بھی ذکر میلاد ثابت ہے۔میلاد شریف کے بے شمار فائدے اور برکات ہیں۔ جن میں ذکر انبیاء سے ایمان مضبوط ہوتا ہے اور قلب میں سکون پیداہوتا ہے۔ قرآن مجید کے گیارہویں پارہ سورۃ یونس آیت نمبر 58میں اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’آپ فرمادیں اﷲ تعالیٰ کے فضل ورحمت کے ساتھ پس اسی پر وہ (اہل ایمان) خوش ہوں۔ یہ خوشی اس (دولت) سے بہتر ہے جو وہ جمع کرتے ہیں۔ معلوم ہوا اﷲ تعالیٰ اپنے فضل ورحمت پرمخلوق کو خوشی منانے کا حکم دیتا ہے۔ حضور اکرمﷺ جوتمام جہانوں،تمام زمانوں اور تمام مخلوقات پر اﷲ تعالیٰ کی سب سے عظیم الشان رحمت ہیں لہٰذاآپﷺ کی آمد کی خوشی میں جشن منانا چاہئے ۔ میلادمصطفیﷺ مناکر اﷲ تعالیٰ کے عظیم احسان پر خوشی اورشکرکااظہار نہ صرف کرناچاہئے بلکہ کرتے ہی رہناچاہئے ۔ کفار کے پاس فحش میڈیا بُرائی اوربے راہ روی پھیلانے کاجبکہ اُمت مسلمہ کے پاس میلاد شریف معاشرتی اصلاح،انسانی فلاح وبہبود ،نیکی کی دعوت اور بُرائی سے ممانت کا بہترین ذریعہ ہے، کیونکہ میلاد مصطفیﷺ کے پروگراموں میں فضائل نبوی اور سیر ت مصطفی کا تذکرہ انتہائی خلوص،محبت اور اخترام کے ساتھ ہوتا ہے ہم جانتے ہیں کہ انسانیت کی بھلائی اسی میں ہے کہ آپﷺ کی سیرت مبارکہ پر عمل کیاجائے۔شمع مصطفی کے پروانوں کیلئے یہ خوشی سب سے بڑی ہے کہ میلاد شریف سے حضوراکرمﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار ہوتا ہے۔محفل میلاد میں قرآن مجید کی تلاوت بھی ہوتی ہے اور نعت خوانی بھی ۔نعت خوانی کو حضور اکرمﷺنے پسند فرمایا ہے،نعت خوانوں کونہ صرف اپنی دعاؤں سے نوازا بلکہ ایک نعت گو صحابی حضرت کعب بن زھیر سلمی رضی اﷲ عنہ کو اپنی چادر مبارک بھی عطا فرمائی۔ جس سے مسلمان سات صدیوں سے زائد عرصہ تک برکات حاصل کرتے رہے ۔ میلا د شریف میں کثر ت کے ساتھ نعت خوانی ہوتی ہے، اور یہ حضورﷺ کی بار گاہ سے انعامات کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔اﷲ تعالیٰ مجھے اورآپ کو راہ حق پرچلنے اور نبی کریمﷺکا ادب واحترام کرنے کی توفیق عطافرمائے اورآپﷺ کے حیات مبارکہ اورتعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی توفیق عطافرمائے -
Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 564517 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.