اسلاف کرام نے قانون خداوندی پرعمل
کا ایسااعلیٰ نمونہ پیش کیا کہ پوری مملکت اسلامیہ میں ایک بھی ایسا نہیں
ملا جو زکوٰۃ کا مستحق ہوتا
حکم خداوندی سے آقا علیہ السلام نے اسلام کی اشاعت ایسے نازک وقت میں شروع
کی جب چہار جانب کفر کا بسیراتھا۔خاک دان فرشی پر کوئی رب کا نام لیوانہیں
تھا۔فاران کی چوٹی سے جب پیغمبر اسلامﷺنے دین ِحق کی طرف لوگوں کو بلایاتو
عالم یہ ہوگیاکہ کل تک جو لوگ حضورﷺکو ’’صادق الامین‘‘کے خطاب سے یاد کرتے
تھے اب وہی لوگ فقرے کَستے۔کل تک جو لوگ اپنی ہتھیلیوں پر اپنے سرکا نذرانہ
لیے حاضر رہتے اب وہی لوگ جان لینے کے درپے ہوگئے،کل تک جو لوگ آقا ﷺکی
شیریں گفتگوسننے کے متمنی رہتے اب وہی لوگ دور بھاگ رہے تھے،جن کی راہوں
میں پھولوں کی سیج سجائی جانی چاہئے تھی اس رسول مکرمﷺکے راستے میں کانٹے
بچھا دیئے جاتے،کوئی پھبتی کَستا،کوئی نازیباکلمات کہتا،کوئی کچرا پھینک
دیتا،کوئی سجدے میں اونٹ کی اوجھڑی گردن پر رکھ دیتااور کوئی جسم رسولﷺپر
پتھر برساتا۔غرضیکہ اسلام کے ابتدائی ایام میں مسلمانوں کا یہ عالم تھا کہ
ان پر طرح طرح کے مظالم ڈھائیں جاتے،کبھی تپتی ہوئی ریت میں
گھسیٹاجاتا،کبھی چٹائی میں لپیٹ کر مرچی کی دھونی دی جاتی۔ہماری تاریخ
بتاتی ہے کہ ہم اپنے مسلمان ہونے کا اعلان تک نہیں کر سکتے تھے،بھوک سے
بلبلاتے،پیٹ پر پتھر باندھتے،کبھی درختوں کے پتوں اور کبھی چھالوں پر اکتفا
کرتے،تین سالوں تک شعب ابی طالب میں سوشل بائیکاٹ کادرد برداشت کیا،جہاد
بھی کیا تو، تلواروں سے نہیں بلکہ کھجوروں کی خشک چھالوں سے۔مگر پھر رحمت
الٰہی چھم چھم کرتی اپنے بندگان پر برسنے لگی،صبر کے دن کا خاتمہ
ہوا،امتحان ِ خداوندی میں صابر وشاکر رہ کر کامیاب وکامران ہوئے، رفتہ رفتہ
راہِ حق کے مسافر کشا کشاکھینچے چلے آئیں،جوق در جوق،قبیلہ در قبیلہ۔اور
اسلام کی باد بہاری سے اکناف عالم فیضیا ب ہوا۔جس مکہ سے ہجرت کی تھی اب
اسی مکہ میں فاتحانہ شان وشوکت سے داخل ہوئے۔ قیصر و کسریٰ میں اسلامی پرچم
بلند ہوا۔ دور ِفاروقی میں خلیفۃ المسلمین نے تمام گورنروں کے نام اعلان
نامہ جاری کیا کہ امسال کی زکوٰۃبیت المال بھیجنے کی بجائے اپنے علاقے کے
مستحقین پر خرچ کرو ۔باوجود اس کے گورنرِ یمن مع سازوسامان کے مدینۂ منورہ
میں حاضر ہوئے،دربارِ فاروقی کا بُلاواآیا،کیاآپ تک اعلان نامہ نہیں پہنچا
؟،جی ہاں بروقت پہنچا،پھر حکم عدولی کا سبب؟عرض کیا یمن سے نکلا اسلامی
مرکز تک پہنچ گیا مگرمملکت اسلامیہ میں ایک بھی مسلمان مستحق نظر نہیں
آیا۔ہر کوئی مالک نصاب اور صاحبِ ثروت ہے۔(الحمدﷲ)
سوچنے کا مقام ہے جن لوگوں کے پاس پیٹ بھرنے کے لیے اناج نہیں تھا وہ لوگ
اتنے کم عرصے میں کیسے خود کفیل ہوگئے؟سبب یہ ہے کہ انہوں نے خدائی قانون
پر سختی کے ساتھ عمل کیاتھا۔انہوں نے ہر درد سہامگر نظام مصطفی کے نفاذ کے
لیے کمر بستہ رہے۔مگر آج ہم ․․․․․․․اپنے ہی کچھار میں مجبورومحصور،سب کچھ
رکھ کر قلاش،بے کس،بے بس،بے سہارے،بے چارے،قسمت کے مارے۔آخر کیوں؟؟انھوں نے
اپنے آپ کو سنبھالا،منصوبہ بندطریقے سے زندگی کی راہوں میں قدم بڑھایا،بے
پناہ کاوشیں کیں اور ہم اس کے بالکل برعکس۔آخر وجہ کیا ہے کہ آج ہم اکثریت
میں ہونے کے باوجود ہمارے یہاں فقیروں کی کثرت اورسطح غربت سے نیچے زندگی
گزارنے والوں کی تعداد زیادہ ہیں؟اس کی متعدد وجوہات میں سے چند وجہ یہ بھی
ہے کہ مالک نصاب صحیح طور پر اپنے مال کی زکوٰۃ نہیں نکالتے ،یانکالتے بھی
ہے تو مستحقین تک ان کا حق نہیں پہنچ پاتا ہے،یا جو لوگ زکوٰۃ لے رہے ہیں
وہ زکوٰۃ کے مستحق ہیں ہی نہیں اور اگر مستحق ہے بھی تو اس کا استعمال صحیح
مصرف میں نہیں کر رہے ہیں۔اسلام نے زکوٰۃ کا نظام اس لیے نافذ کیاکہ
مستحقین تک مالداروں کے ذریعے ان کا حق پہنچے اور وہ اس رقم کے ذریعے
کاروبار کریں،خود کفیل بنیں اور چند سالوں میں وہ بھی زکوٰۃ دینے والے بن
جائیں۔مگر افسوس!بہت سے ایسے زکوٰۃ لینے والے ہیں جو زکوٰۃ،صدقات اور خیرات
کی رقم کوصحیح مصرف میں لگانے کی بجائے سنیماگھروں،سیر وتفریح،شراب نوشی
وغیرہ وغیرہ میں خرچ کردیتے ہیں۔جب تک دونوں طبقوں کی جانب سے اسلامی قانون
پرعمل نہیں کیاجائے گا یمن والاپُرامن اور خوشحال زمانہ دوبارہ نہیں
آسکتا۔دولت کی مثال پانی جیسی ہے۔اگر پانی بہتارہے تو صحت بخش اور تھم جائے
تو وبائی امراض کامنبع۔اسی طرح دولت سب کے ہاتھوں میں آتی جاتی رہے تو
زمانہ پُرامن رہے گا ورنہ چوری،ڈکیتی اور نت نئے جرائم معاشرے میں پروان
چڑھے گے۔ہونا تو یہ چاہئے کہ اپنے مال کا صحیح حساب کیاجاتا اور مکمل زکوٰۃ
نکالی جاتی تاکہ مال کا مَیل بھی دور ہوجائے اور اس کی افزائش بھی ہو۔مگر
لوگ طرح طرح کے حیلے بہانے تلاش کرتے ہیں،کوئی زمین خریدتا ہے تو کوئی اپنی
اٹکل سے زکوٰۃ بچانے کی کوشش کرتا ہے۔نتیجتاً کاروبار میں نقصان وخسارہ
ہوتا ہے،آگ لگ جاتی ہے یا چوری ہوجاتی ہے۔معاشی بحران اور تنگی گھیر لیتی
ہے۔اگر کچھ نہ بھی ہوتو قیامت کے دن کا دردناک عذاب تو ہونا ہی ہے۔مفتی
صاحب اور مستحقین کو تو بے وقوف بنایاجاسکتا ہے مگر اس رب سے کیسے بچ سکوگے
جو ہمارے اعمال کے ساتھ دل میں پیداہونے والے تصور ات وخیالات سے بھی واقف
ہے۔خداراخدارا!اسلام کے نظام پر عمل کرو تاکہ قوم مسلم کا ہر فرد خوشحال
زندگی گزاریں۔ |