نظریہ پاکستان کیا ہے ؟

 پاکستان کا عالیشان وجود قائد اعظم محمد علی جناح کی محنت شاقہ کی بدولت ہی ممکن ہوا ، اور علامہ محمد اقبال کے ایمانی شعری کاوشوں نے اپنا رنگ دکھایا اور انہوں نے بر صغیر کی غلامی میں پھنسی ہوئی قوم کو احساس تفاخر اور خودی کی بیداری کا پیغام دے کر انہیں اوجِ ثریا تک پہنچانے کے لئے اپنا خون جگر دیا۔پاکستان آج اپنے وجود کے 68سال مکمل کر رہا ہے اور ان شا ء اﷲ بانی پاکستان محمد علی جناح کے بقول تا قیامت زندہ رہے گا لیکن قائد اعظم کی وفات نے اپنے پیچھے بہت سے گھمبیر مسائل چھوڑ دئے جن سے پاکستان ابھی تک پوری طرح نبرد آزما ہے ۔ پاکستان عصر حاضر میں جن خوفناک اور اندوہناک سیاسی اور قومی منجدھار سے ہمکنار ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں قرآن و سنت کی امداد کی ضرورت ہے اور قیام پاکستان کے جذبات کو مکمل طور پر اپنانے کی ضرورت ہے ورنہ وقت کسی کا انتظار نہیں کیا کرتاانہی اہم ترین مقاصد کے حصول کے لئے نظریہ پاکستان کو دوبارہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، اکثر و بیشتر دانشوران نظریہ پاکستان کی تفہیم میں ڈنڈی مار جاتے ہیں جو کسی بھی طرح قومی ترقی اور عروج کا باعث نہیں بنتا۔ایک طویل عرصے تک قومی اور علمی سطح پر جملہ مفکرین اس پریشانی میں مبتلا رہے کہ نظریہ پاکستان کیا ہے ؟اس کے درست و اصل مفاہیم کیا ہیں؟ تحریک پاکستان کے تاریخی اور سیاسی احوال کی روشنی میں نظریہ پاکستان کس طرح معرضِ وجود میں آیا اس کے اصل منابع و مصادر کیا ہیں ؟قومی اور غیر قومی اخبارات و رسائل میں نظریہ پاکستان کے باب میں تشکیک اور غلط فہمیاں پڑھنے کو ملتی رہتی ہیں۔اچھے خاصے صاحبان دانش نے نظریہ پاکستان کے مطالب کو گڈ مڈ کر کے رکھ دیا اور قائد اعظم ، علامہ اقبال ، تحریک پاکستان اورتخلیق پاکستان اور نظریہ پاکستان کے خلاف اپنے بغض کاظہار کرتے ہیں جس کے باعث بالخصوص نظریہ پاکستان کے بنیادی اور اصولی تقاضوں کو کاری ضرب لگتی رہی ان ناپسندیدہ نظریات کے نسل نو پرانتہائی زہریلے اثرات مرتب ہوئے۔وہ نسل نو جس نے نہ تو پاکستان بنتے دیکھا نہ ہی ہندو قوم کے ساتھ پالا پڑا ، جنہیں ان کے بزرگوں نے بھی جملہ زندگی کی مصروفیات سے وقت نکال کر پاکستان کے اسباب و علل سے آگاہ نہیں کیا، تعلیمی اداروں میں جو علم پہنچایا جا تاہے ، چند ایک قومی اداروں کے سوا یا چند ایک شخصیات کے علاوہ خالص پاکستانیت کے جذبات و احساسات کا علم باہم نہیں پہنچایا گیا عصر حاضر کے تقاضوں کی روشنی میں جتنے علوم ،خواہ وہ سائنسی ہون ، معاشرتی ہوں یا اقتصادی، نظریہ پاکستان اورتخلیق پاکستان کا علم ان سب میں سے مفقود ہے۔وقت گزاری کے لئے میٹرک ، ایف اے ، بی اے، میں مطالعہ پاکستان کولازمی مضمون کے طور پر منظور تو کیا گیا ، لیکناس کا حشر جو ہمارے تعلیمی اداروں میں ہوا یا ہو رہا ہے وہ یوں ہے کہ مطالعہ پاکستان کو کوئی اہمیت نہ دی گئی ، اساتذہ کرام کی اس ضمن میں تربیت کی گئی نہ ہی مطالعہ پاکستان کو ایک مخصوص جذبے ، اور لگن کے ساتھ پڑھایا گیا۔چناچہ تخلیق پاکستان کے بنیادی عناصر ہنوز تشنہ تکمیل ہیں ، اور یہ قومی سطح پر ابھی تک لمحہ فکریہ ہے۔علم و عقل میں اگر تضاد رہے گاتو ظاہر ہے اس نوعِ انسانی میں تخریب کا باعث بنے گا اور بالآخر قومی زوال کا پیش خیمہ۔

نظریہ پاکستان کا آغاز گو کہ ہندوستان میں ہوا لیکن یہ نظریہ ابتدائے آفرینش سے اپنی تمام تر جلوہ آرائیوں سے موجود رہا ۔ کائنات کی تخلیق کے حوالے سے اﷲ تعالی نے اپنے فرشتوں سے فرمایا کہ میں زمیں میں اپنا جانشین بنانا چاہتا ہوں تو فرشتوں نے کہا کہ انسان تو زمین میں فساد کرے گا ، اﷲ نے فرمایا کہ جو میں جانتا ہوں وہ تم نہیں جانتے۔پھر اﷲ تعالی نے انسان کو تخلیق فرمایااور فرشتوں کو حکم دیا کہ اس کو سجدہ کرو تو ابلیس نے انکار کر دیا اور راندہ درگاہ قرار دیا گیا چناچہ تخلیق آدم کے ساتھ ہی دو گروہ اور دو معاشرے تخلیق ہوگئے ایک اطاعت گزار اور دوسرا انکاری۔بنی نوعِ انسانی خواہ کتنی ہی نسلِ انسانی میں تقسیم ہوجائے ، خواہوہ تفریق خون کی بناء پر ہو یا زبان کی اسا پر ، یہ تفریق باطل ہو گی ، حقائق پر مبنی تفریق اورتقسیم ، فکر و تدبر اور امتیازِ فکر و نظر ایک ازلی ، ابدی اور مطلق نظریے پر قائم ہوگا اور یہی نظریہ جسے آئیڈیالوجی کہتے معرض وجود میں آیا۔اسلامی نقطہ نظری سے نظریہ پاکستان کا آغاز ، تشکیل و ترویج برصغیر میں اس وقت ہوئی جب مسلمانوں کو انتشارو افتراق اور زوال و انحطاط کا سامنا کرنا پڑا اور ہندووں کی اصل فطرت کا سامنا کرنا پڑا، ان کی گھناونی سازشوں اور مظالم کا مقابلہ کرنا پڑا ۔بالخصوص 1857کے بعد تو حالات ناقابل بیان ہیں تو مسلمانوں کو یہ خیال جاگزیں ہوا کہ ہم ہندووں کے ساتھ ہر گز اکھٹے نہیں رہ سکتے، یہی خیال ایک نظریہ بن کر اٹل حقیقت بن کر کھڑا ہوگیا۔اسی نظریے کی قوت کا اندازہ کیجئے کہ ہم نے بغیر کسی جنگ کے ذہنی طاقت کے بل بوتے پہ پاکستان حاصل کرلیا اور ہم نے ثابت کر دکھایا کہ ہم سچے تھے اور ہمارا مقصد بھی سچا تھا پاکستان اب ایک اٹل حقیقت ہے اسے کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا۔ایک ایسا پاکستان جس کی دیواریں کچے دھاگے سے نہیں بلکہ لا الہ الا اﷲ کے اسلامی اور قرآنی نظریے اور ایمان پر قائم ہیں اور تا قیامت قائم رہیں گے۔
Muhammad Faheem Shakir
About the Author: Muhammad Faheem Shakir Read More Articles by Muhammad Faheem Shakir: 3 Articles with 2381 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.