جبریل علیہ السلام کا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاکو سلام

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے فضائل میںسے ایک یہ بھی ہے کہ آپ رضی اللہ عنہا نے جبریل امین علیہ السلام کو دیکھا اور جبریلِ امین علیہ السلام نے انھیں سلام بھی کہا ۔

چناں چہ خود حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہافرماتی ہیں کہ :’’ غزوۂ احزاب کے بعد نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم غسل کے لیے جانے لگے تو جبریل ِ امین علیہ السلام آپ کے پاس تشریف لائے اور عرض کیا :’ یارسول اللہ! کیا آپ نے ہتھیار اتار دیے ہیں؟ ہم (یعنی فرشتوں) نے تو ابھی تک ہتھیار نہیں اتارا۔‘ ‘___ حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ :’’مَیں نے دروازے کی درازوں سے جبریل امین علیہ السلام کو دیکھا کہ ان کا سر گرد و غبار سے اٹا ہوا تھا۔‘‘

ایک دوسری روایت میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ :’’ مَیں نے نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ دحیہ کلبی (رضی اللہ عنہ) کے گھوڑے کی پیشانی پر اپنا مبارک ہاتھ رکھے ہوئے اُن سے باتیں کررہے ہیں ۔‘‘ فرماتی ہیں ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاکہ :’’ جب نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے تو مَیں نے عرض کیا کہ آپ دحیہ کلبی (رضی اللہ عنہ) سے کیا بات فرمارہے تھے؟ ‘‘ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا :’’ کیا تم نے ان کو دیکھا تھا ؟‘‘ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہانے عرض کیا : ’’ہاں! یارسول اللہ ! مَیں نے ان کو دیکھا تھا۔‘‘ آپ ﷺ نے دوبارہ پوچھا :’’ کیا تم نے ان کو دیکھا تھا؟‘‘ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا : ’’ہاں! ضرور دیکھا تھا۔‘‘ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اے عائشہ! وہ جبریل امین تھے اور تمہیں سلام کہہ رہے تھے۔ فرماتی ہیں ام المؤمنین کہ مَیں نے کہا اُن پر بھی سلامتی ہو۔ اللہ تعالیٰ ان کے بہترین ساتھی کی طرف سے انھیں بہترین جزا عطا فرمائے ۔

روایتوں میں آتا ہے کہ حضرت جبریل امین علیہ السلام اکثرصحابیِ رسول حضرت دحیہ کلبی رضی اللہ عنہ کی شکل میں نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آتے تھے۔ مذکورہ بالا روایت سے بھی اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو سلام کہنے کے لیے بھی جبریل علیہ السلام ان ہی کی شکل میں آئے۔
Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 646925 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More