شہیدِ کربلا،نواسۂ رسول، حضرت حسین بن علی رضی اﷲ عنہما

تاریخِ ولادت (۵؍شعبان المعظم) پر نذرانۂ عقیدت
حضرت حسین بن علی بن ابی طالب بن عبدالمطلب بن ہاشم بن ابوعبداﷲ القرشی الہاشمی، کربلا میں شہید ہونے والے، رسول اﷲ ا کی بیٹی حضرت فاطمۃ الزہراؓ کے بیٹے اور دنیا میں آپ اکا پھولوں کا گلدستہ ہیں۔حضرت حسین ؓ ۵؍ شعبان المعظم ۴؁ھ کو پیدا ہوئے اور محرم ۶۱؁ھ کی دس تاریخ کو بروز جمعہ شہید کیے گئے اور آپ کی عمر ۵۴؍ سال، ساڑھے چھ ماہ تھی۔ (البدایہ والنہایہ: ۸؍۳۱۰، اسد الغابۃ: ۲؍۵۶۸)

آپؓ کی ولادت کے بعد حضرت نبی کریم ا نے بذاتِ خود آپؓ کو شہد چٹایا اور آپ کے دہنِ پاک کو اپنی زبانِ بابرکت سے تر کیا، آپؓ کو دعائیں دیں اور ’’حسین‘‘ نام رکھا۔ (المرتضیٰ: ۳۵۸)حضرت نبی کریم ا نے از خود نومولود بچے کو منگا کر آپؓ کے کانوں میں اذان دی، اس طرح گویا پہلی مرتبہ خود زبانِ وحی والہام نے اس بچے کے کانوں میں توحیدِ الٰہی کا صور پھونکا، پھر فاطمہ زہراؓ کو عقیقہ کرنے اور بچے کے بالوں کے ہم وزن چاندی خیرات کرنے کا حکم دیا۔ (سیر الصحابہ: ۶؍۱۴۷)رسول اﷲ ا نے فرمایا:حسن اور حسین میری دنیا کی بہار ہیں۔ نیز رسول اﷲ ا فرماتے تھے کہ حسین میرے ہیں اور میں حسین کا ہوں، اﷲ تعالیٰ اس شخص کو دوست رکھے، جو حسین کو دوست رکھے۔ حسین ایک سبط ہیں اسباط سے۔(اسد الغابۃ: ۲؍۵۶۹)

حضرت واثلہ بن اسقعؓ نے فرمایا کہ ایک دن میں حضرت نبی کریم ا کے حضور، امِ سلمہؓ کے مکان پر حاضر ہوا، اتنے میں حضرت حسنؓ تشریف لائے، انھیں رسول اﷲا نے اپنے داہنے زانو پر بٹھالیا اور پیار کیا، پھر حضرت حسینؓ تشریف لائے تو آپ ا نے انھیں اپنے بائیں زانو پر بٹھالیا اور پیار کیا، پھر حضرت فاطمہؓ تشریف لائیں تو انھیں آپ ا نے اپنے سامنے بٹھالیا، پھر حضرت علیؓ کو بلایا اورسورہ ٔاحزاب کی آیت: ۳۳ تلاوت فرمائی جس کا مفہوم یہ ہے کہ اے (حضرت محمدا کے) اہلِ بیت! اﷲ تعالیٰ یہی چاہتے ہیں کہ تم سے ناپاکی کو دور کردیں اور تمھیں خوب پاک کردیں۔ (اسد الغابہ: ۲؍۵۷۰)

عہدِ نبوی میں
حضرت حسینؓ کے بچپن کے حالات میں صرف ان کے ساتھ آں حضرت ا کے پیار و محبت کے واقعات ملتے ہیں، آپ ا ان کے ساتھ غیر معمولی شفقت فرماتے تھے۔ تقریباً روزانہ حسنین کو دیکھنے کے لیے حضرت فاطمہ ؓ کے گھر تشریف لے جاتے اور دونوں کو بلاکر پیار کرتے اور کھلاتے۔ دونوں بچے آپ سے بے حد مانوس اور شوخ تھے لیکن آپ ا نے کبھی کسی شوخی پر تنبیہ نہیں فرمائی بلکہ ان کی شوخیاں دیکھ دیکھ کر خوش ہوتے تھے۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۱۴۷)

عہدِ صدیقی و فاروقی میں
حضرت ابوبکررضی اﷲ عنہ کے ابتدائی عہدِ خلافت میں بھی حضرت حسینؓ صغیر السن تھے البتہ آخری عہد میں سنِ شعور کو پہنچ چکے تھے لیکن اس عہد کی مہمات میں ان کا نام نظر نہیں آتا۔ حضرت عمر رضی اﷲ عنہ بھی حضرت حسینؓ پر بڑی شفقت فرماتے تھے اور قرابتِ رسول ا کا خاص لحاظ رکھتے تھے، چناں چہ جب بدری صحابہؓ کے لڑکوں کا دو دو ہزار وظیفہ مقرر کیا تو حضرت حسینؓ کا محض قرابتِ رسول ا کے لحاظ سے پانچ ہزار ماہوار مقرر کیا گیا۔ آپؓ کسی چیز میں بھی حضرت حسینؓ کی ذاتِ گرامی کو نظر انداز نہ ہونے دیتے تھے، ایک مرتبہ یمن سے بہت سے حُلّے آئے،وہ حضرت عمرؓ نے تمام صحابہؓ میں تقسیم کر دیے۔ آپ ؓروضۂ اطہر اور منبرِ نبوی ا کے درمیان تشریف فرما تھے، لوگ ان حلوں کو پہن پہن کر شکریے کے طور پر آکر سلام کرتے تھے، اسی دوران حضرت حسنؓ وحسینؓ، حضرت فاطمہؓ کے گھر سے نکلے، آپ کا گھر حجرۂ مسجد کے درمیان تھا، حضرت عمرؓ کی نظر ان دونوں پر پڑی تو ان کے جسموں پر حلے نظر نہ آئے، یہ دیکھ کر آپ کو تکلیف پہنچی اور لوگوں سے فرمایا: مجھے تمھیں حلے پہنا کر کوئی خوشی نہیں ہوئی۔ انھوں نے پوچھا: امیر المؤمنین! ایسا کیوں؟ فرمایا: اس لیے کہ ان دونوں لڑکوں کے جسم ان حلوں سے خالی ہیں۔ اس کے بعد فوراً حاکمِ یمن کو حکم بھیجا کہ جلد سے جلد دو حلے بھیجو اور حلے منگواکر دونوں بھائیوں کو پہنانے کے بعد فرمایا: اب مجھے خوشی ہوئی۔ ایک روایت یہ ہے کہ پہلے حلے حضرت حسنؓ وحسینؓ کے لائق نہ تھے۔ ( سیر الصحابہ: ۸؍۱۴۷-۱۴۸)

حضرت عمرؓ حضرات حسنینؓ کو اپنے صاحبزادے حضرت عبداﷲؓ، جو عمر وغیرہ میں ان دونوں سے بھی فائق تھے، زیادہ مانتے تھے۔ ایک مرتبہ آپؓ منبرِ نبوی ا پر خطبہ دے رہے تھے کہ حضرت حسینؓ آئے اور منبر پر چڑھ کر کہا: میرے ابّا (رسول اﷲ ا) کے منبر سے اترو اور اپنے ابّا کے منبر پر جاؤ۔ حضرت عمرؓ نے اس طفلانہ شوخی پر فرمایا کہ میرے باپ کا تو کوئی منبر ہی نہ تھا اور انھیں اپنے پاس بٹھالیا۔ خطبہ تمام کرنے کے بعد انھیں اپنے ساتھ گھر لے گئے، راستے میں پوچھا کہ یہ تم کو کس نے سکھایا تھا؟ بولے واﷲ کسی نے نہیں، پھر فرمایا: گاہ بگاہ میرے پاس آیا کرو۔ چناں چہ اس ارشاد کے مطابق ایک مرتبہ حضرت حسینؓ ان کے پاس گئے، اس وقت حضرت عمر رضی اﷲ عنہ حضرت معاویہ رضی اﷲ عنہ سے تنہائی میں کچھ گفتگو کررہے تھے اور ابن عمروؓ دروازے پر کھڑے تھے۔ حسینؓ بھی ان ہی کے پاس کھڑے ہوگئے اور بغیر ملے ہوئے ان ہی کے ساتھ واپس چلے گئے۔بعد میں جب حضرت عمرؓ سے ملاقات ہوئی تو آپؓ نے پوچھا تم آئے کیوں نہیں؟ انھوں جواب دیا: امیر المومنین! میں حاضر ہوا تھا، مگر آپؓ حضرت معاویہؓ سے گفتگو میں مشغول تھے، اس لیے حضرت عبداﷲؓ کے ساتھ کھڑا رہا، پھر انھیں کے ساتھ لوٹ گیا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: تم کو ان کا ساتھ دینے کی کیا ضرورت تھی؟ تم ان سے زیادہ حق دار ہو، جو کچھ ہماری عزت ہے وہ خدا کے بعد تم ہی لوگوں کی دی ہوئی ہے۔ (الاصابہ: ۲؍۱۵، سیر الصحابہ: ۸؍۱۴۸-۱۴۹)

عہدِ عثمانی میں
حضرت حسینؓ، حضرت عثمان رضی اﷲ عنہ کے زمانے میں پورے جوان ہوچکے تھے، چناں چہ سب سے اول اسی عہد میں میدانِ جہاد میں قدم رکھا اور ۳۰؁ھ میں طبرستان کی فوج کشی میں مجاہدانہ شریک ہوئے۔ (الاصابہ: ۳؍۸۴، سیر الصحابہ: ۸؍۱۴۹) پھر جب حضرت عثمانؓ کے خلاف بغاوت برپا ہوئی اور باغیوں نے قصرِ خلافت کا محاصرہ کرلیا تو حضرت علیؓ نے ان دونوں بھائیوں کو حضرت عثمانؓ کی حفاظت پر مامور کیا کہ باغی اندر گھسنے نہ پائیں، چناں چہ حفاظت کرنے والوں کے ساتھ ان دونوں نے بھی نہایت بہادری کے ساتھ باغیوں کو اندر گھسنے سے روکے رکھا۔ جب باغی کوٹھے پر چڑھ کر اندر اتر گئے اور حضرت عثمانؓ کو شہید کرڈالا اور حضرت علیؓ کو شہادت کی خبر ہوئی تو انھوں نے دونوں بھائیوں سے نہایت سختی کے ساتھ باز پرس کی کہ تمھارے ہوتے ہوئے باغی کس طرح اندر گھس گئے؟ (تاریخ الخلفاء: ۱۵۹، سیر الصحابہ: ۸؍۱۴۹)

قضا و اِفتا
قضاء وافتاء میں حضرت علیؓ کا پایہ تمام صحابہؓ میں بلند تھا، اس موروثی دولت میں حضرت حسینؓ کو بھی وافر حصہ ملا تھا، چناں چہ ان کے معاصر ان سے استفسار کیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ ابن زبیرؓ کو جو عمر میں ان سے بڑے اور خود بھی صاحبِ کمال بزرگ تھے، قیدی کی رہائی کے بارے میں استفسار کی ضرورت ہوئی تو انھوں نے حضرت حسینؓ کی طرف رجوع کیا اور ان سے پوچھا؛ ابوعبداﷲ! قیدی کی رہائی کے بارے میں تمھارا کیا خیال ہے؟ اس کی رہائی کا فرض کس پر عائد ہوتا ہے؟ انھوں نے فرمایا: ان لوگوں پر، جن کی حمایت میں وہ لڑا ہو۔اسی طرح ایک مرتبہ ان کے شیر خواہ بچے کے وظیفے کے بارے میں استفسار کی ضرورت ہوئی تو اس میں بھی انھوں نے حضرت حسینؓ کی طرف رجوع کیا۔ آپؓ نے بتایا کہ پیدائش کے بعد ہی جب سے بچہ آواز دیتا ہے وظیفہ واجب ہوجاتا ہے۔اسی طریقے سے کھڑے ہوکر پانی پینے کے بارے میں پوچھا؛ آپؓ نے اس سوال پر اسی وقت اونٹنی کا دودھ دُہاکر کھڑے کھڑے پیا، آپ کھڑے ہوکر کھانے میں بھی مضائقہ نہ سمجھتے تھے، چناں چہ بھنا ہوا بکری کا گوشت لے لیتے تھے اور کھاتے کھلاتے چلے جاتے تھے۔ (اغلب یہ ہے کہ آپؓ کا یہ عمل ان اعمال کے جواز کو ثابت کرنے کے لیے تھا تاکہ کج فہم اس عمل کو بالکل حرام نہ سمجھنے لگے۔ واﷲ اعلم)

آپؓ کے تفقہ کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ فقیہِ اعظم حضرت امام ابوحنیفہؒ، حضرت امام باقرؒ کے شاگرد تھے اور حدیث وقفہ میں ان سے بہت کچھ استفادہ کیا تھا اور دینی علوم میں امام باقرؒ کو سلسلہ بہ سلسلہ اپنے اسلاف کرام سے بڑا فیض پہنچا تھا۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۲۲۸-۲۲۹)

خطابت و شاعری
ان مذہبی کمالات کے علاوہ حضرت حسینؓ اس عہد کے عرب میں مروجہ علوم پر بھی پوری دستگاہ رکھتے تھے، خطابت اس زمانے کا بڑا کمال تھا، آپ کے والد بزرگوار حضرت علیؓ اپنے عہد کے سب سے بڑے خطیب تھے۔ ’نہج البلاغہ‘ کے خطبات آپ کے کمالِ خطابت پر شاہد ہیں۔ حضرت حسینؓ کو بھی اس موروثی کمال سے وافر حصہ ملا تھااور ان کا شمار اس عہد کے ممتاز خطیبوں میں ہوتا تھا۔ادب اور تذکرہ وتراجم کی کتابوں میں آپ کی جانب بہت سے حکیمانہ اشعار بھی منسوب ہیں لیکن ان کی صحت مشکوک ہے۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۲۲۹)

کلماتِ طیبات
آپؓ کے کلماتِ طیبات اور حکیمانہ مقولے اخلاق وحکمت کا سبق دیتے ہیں، آپؓ فرماتے تھے: سچائی عزت ہے۔ جھوٹ عجز ہے۔ رازداری امانت ہے۔ حقِ جوار قرابت ہے۔ امداد دوستی ہے۔ عمل تجربہ ہے۔ حسنِ خلق عبادت ہے۔ خاموشی زینت ہے۔ سخاوت دولت مندی ہے۔ نرمی عقلمندی ہے۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۲۲۹)

عبادات و خیرات
مصعب نے بیان کیا کہ حضرت حسینؓ نے ۲۵؍ حج پاپیادہ کیے۔ حضرت حسینؓ بہت ہی بزرگ، کثرت سے روزے رکھنے والے،بہت نماز پڑھنے والے، حج، صدقہ اور تمام افعالِ خیر کے زیادہ کرنے والے تھے۔ (اسد الغابۃ: ۲؍۵۷۰)

مالی اعتبار سے آپؓ کو خدا نے جیسی فارغ البالی عطا فرمائی تھی، اسی فیاضی سے آپؓ اس کی راہ میں خرچ بھی کرتے تھے۔ ابن عساکر لکھتے ہیں کہ حضرت حسینؓ خدا کی راہ میں کثرت سے خیرات کرتے تھے، کوئی سائل کبھی آپؓ کے دروازے سے ناکام نہ واپس ہوتا تھا۔ ایک مرتبہ ایک سائل مدینہ کی گلیوں میں پھرتا پھراتا ہوا درِ دولت پر پہنچا، اس وقت آپؓ نماز میں مشغول تھے۔ سائل کی صدا سن کر جلدی جلدی نماز ختم کرکے باہر آئے۔ سائل پر فقر وفاقہ کے آثار نظر آئے، اسی وقت قنبر خادم کو آواز دی، قنبر حاضر ہوا، آپ نے پوچھا؛ ہمارے اخراجات میں سے کچھ باقی رہ گیا ہے؟ قنبر نے جواب دیا: آپ نے دو سو درہم اہلِ بیت میں تقسیم کرنے کے لیے دیے تھے، وہ ابھی تقسیم نہیں کیے گئے ہیں۔ فرمایا: اس کو لے آؤ، اہلِ بیت سے زیادہ ایک مستحق آگیا ہے، چناں چہ اسی وقت دو سو درہم کی تھیلی منگا کر سائل کے حوالے کردی اور معذرت کی کہ اس وقت ہمارا ہاتھ خالی ہے، اس لیے اس سے زیادہ خدمت نہیں کرسکتے۔ حضرت علیؓ کے دورِ خلافت میں جب آپ کے پاس بصرہ سے آپ کا ذاتی مال آتا تھا تو آپ اسی مجلس میں اس کو تقسیم کردیتے تھے۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۲۳۰-۲۳۱)

وقار وسکینہ
سکینت اور وقار آپؓ کا خاص وصف تھا، آپ کی مجلس وقار اور متانت کا مرقع ہوتی تھی۔ حضرت معاویہؓ نے ایک شخص سے حضرت حسینؓ کی مجلس کا پتہ بتایا کہ جب تم رسول اﷲ ا کی مسجد میں داخل ہو تو وہاں لوگوں کا ایک حلقہ نظر آئے گا، اس حلقے میں لوگ ایسے سکون اور خاموشی سے بیٹھے ہوں گے کہ گویا ان کے سر پر چڑیاں بیٹھی ہوئی ہیں۔ یہ ابو عبداﷲ (حسینؓ) کا حلقہ ہوگا،کمال یہ ہے کہ اس وقار وسکینہ کے باوجود تمکنت وخود پسندی مطلق نہ تھی اور آپؓ حد درجے خاک سار اور متواضع تھے، ادنیٰ ادنیٰ اشخاص سے بے تکلف ملتے تھے۔ ایک مرتبہ کسی طرف جارہے تھے، راستے میں کچھ فقرا کھانا کھارہے تھے، حضرت حسینؓ کو دیکھ کر انھیں بھی مدعو کیا، ان کی درخواست پر آپؓ فوراً سواری سے اتر پڑے اور کھانے میں شرکت کرکے فرمایا کہ تکبر کرنے و الوں کو خدا دوست نہیں رکھتا اور ان فقرا سے فرمایا کہ میں نے تمھاری دعوت قبول کی ہے، اس لیے تم بھی میری دعوت قبول کرو اور ان کو گھر لے جاکر کھانا کھلایا۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۲۳۱)

ازواج واولاد
حضرت حسینؓ نے مختلف اوقات میں متعدد نکاح کیے۔ آپؓ کی ازواج میں لیلیٰ، حباب، حرار اور غزالہ تھیں۔ ان سے متعدد اولادیں ہوئیں، جن میں علی اکبر، عبداﷲ اور چھوٹے صاحبزادے واقعۂ کربلا میں شہید ہوئے۔ امام زین العابدینؒ باقی رہے، انھیں سے نسل چلی، صاحبزادیوں میں سکینہ، فاطمہ اور زینب تھیں۔ (سیر الصحابہ: ۸؍۲۳۳)٭٭
Maulana Nadeem Ahmed Ansari
About the Author: Maulana Nadeem Ahmed Ansari Read More Articles by Maulana Nadeem Ahmed Ansari: 285 Articles with 347010 views (M.A., Journalist).. View More