ممبران کی تعیناتی اور دھاندلی کی پلاننگ

پاکستان کی اس وقت آبادی تقریباً 20کروڑ ہوگی جس میں پرانی لسٹ کے مطابق رجسٹرڈ ووٹ ساڑھے آٹھ کروڑ ہیں۔ مزہ کی بات یہ ہے کہ جمہوریت کی بات کرنے والے اور اپنے آپ کو عوامی نمائندہ کہنے والے سیاستدان الیکشن کے دن ووٹر ز کو نکالنے اور سرتوڑ کوشش کے باوجود تین کروڑ کے قریب لوگ ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔2013میں عمران خان کی بھر پور مہم کے باوجودساڑھے آٹھ کروڑ ووٹرز میں سے پچاس فی صد کے لگ بھگ لوگوں نے ووٹ ڈالے جو ہمارے تاریخ میں پہلی دفعہ الیکشن میں ٹرن آوٹ زیادہ رہا یعنی اس کا مطلب یہ ہوا کہ بیس کروڑ آبادی کے ملک میں ساڑھے آٹھ کروڑ ووٹر ہونے کے باوجود سواچارکروڑ لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے باہر نکلے اور جمہوری نظام پر اعتبار کرکے ووٹ کاسٹ کیا۔یہاں میں اپناذاتی تجربہ بیان کرتاہوں کہ2013 الیکشن سے پہلے میں اپنے گاؤں میں جاننے والوں سے ملا جن کی عمریں 60 اور 70سال سے زیادہ تھی ان سے سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوتی رہی لیکن آٹھ دس بندوں میں سے سب کی رائے تقریباً یہی تھی کہ الیکشن میں ووٹ ڈالنا وقت کا ضائع ہے ،یہاں الیکشن نہیں سلیکشن کی جاتی ہے ۔ووٹرز کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔گاؤں کے بڑوں نے سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں وقت گزارنے اور وہاں الیکشن کا حال سنایا لیکن میں باضد تھا کہ اب وہ زمانہ نہیں رہا ، اب میڈیا کا دور ہے ،عوام میں شعور آیاہے، سیاسی جماعتیں بھی چاہتی ہے کہ الیکشن شفاف ہوں جبکہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ بھی اس کوشش میں ہے کہ انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی نہ ہوجائے۔کہتے ہیں کہ تجربے کا کوئی نعم البدل بدل نہیں ہوتا ،میرے لاکھ دلائل کے باوجودگاؤں کے مشران مجھے سے متفق نہ ہوئے اور کہا کہ الیکشن کے بعد دیکھناکہ الیکشن ہوئے یا سلیکشن ۔بحر کیف الیکشن ہوگئے اس کے بعد معلوم ہوا کہ یہ تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی شدہ الیکشن تھے لیکن آج تک کسی کو سزا ہوئی نہ پوچھ گچھ کہ دوسرے کئی بے ضابطگیوں کے باوجود بنیادی چیزیں بھی آج تک ریکارڈ پر نہیں ہے یعنی فارم 15اور16جس میں یہ تفصیلات درج ہوتی ہے کہ اس پولنگ اسٹیشن میں اتنے لوگوں نے ووٹ ڈالے اور فلاں فلاں جماعت کے نمائندوں نے اتنے ووٹ لیے ہیں جس پر سیاسی جماعت کے ممبران سمیت پولنگ اسٹیشن افسروں کے دستخط ہوتے ہیں جو ضلعی الیکشن آفس پہنچایا جاتا ہے جس کودیکھ کرتمام حلقے کا رزلٹ اناؤ نس کیا جاتا ہے لیکن پنجاب اور سندھ میں وہ فارم ملے ہی نہیں جبکہ بلوچستان میں پانچ سوووٹوں پر قومی اسمبلی کے ممبر بن گئے ہیں وہاں تو براہ راست سلیکشن ہوالیکن ان تمام غلطیوں ، کوتاہیوں ، جعلی ووٹوں کے باوجود جس کو دھاندلی پر بنائی گئی کمیشن نے نشاندہی کی لیکن کہا یہ کیا کہ سسٹم کو چلنا چاہیے ۔بالکل صحیح بات ہے کہ سسٹم کو چلنا چاہیے ، جمہوریت بھی قائم ہونی چاہیے ، جمہوری نظام ہی ملک کیلئے بہتر ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ جمہوری نظام ہے جس میں الیکشن نہیں سلیکشن کی جاتی ہے جس میں ووٹ خریدے جاتے ہیں جس میں عام آدمی کبھی آگے نہیں آسکتا جس میں صرف وہ لوگ کامیاب ہوتے ہیں جن کے پاس دولت ، وسائل ، اثرو رسوخ ہوں جو کرپٹ ہو جواپنے کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے جمہوریت کا علمبردار بنتا ہے ،جواپنی بلیک منی کو ووٹرز کی خریداری سے لے کر الیکشن کمیشن نمائندوں اور جعلی ووٹوں کے با کس خرید تا ہے۔پھر کہہ جاتا ہے کہ یہ عوام کے نمائندے ہیں عوام نے تو پہلے سے ووٹ نہ دیکر ان کو ری جیکٹ کر دیا ہے اور اس نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے کہ درج شدہ ووٹر لسٹ میں سے آدھے سے زیادہ لوگ ووٹ ہی نہیں ڈالتے ہیں جو کسی بھی جمہوری ملک میں نہیں ہوتا ہے ، ہم سے تو افغانستان کی حکومت اورسسٹم بھی بہتر ہے کہ ایک مخصوص ووٹ کا شرح مقرر کردیا ہے جس کولینا ضرور ہے اس کے بغیر انتخابات دوبارہ ہوں گے۔ یہاں پر سالوں سال سے انتخابات ہونے کے باوجود آج تک الیکشن کمیشن کو اثرورسوخ سے پاک کرنے اور شفاف انتخابات کرانے کے لئے کوئی نظام نہیں بنایا گیا ہے،آج بھی الیکشن کمیشن میں ممبران کی تعیناتی حکومت اور اپوزیشن جماعت کرتی ہے یعنی اب نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر ممبران کو منتخب کیا جو الیکشن کرائیں گے۔اپنے اپنے شعبوں سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد اب یہ الیکشن کرائیں گے یعنی چلے ہوئے کارتوس پھر سے استعمال کیے جائیں گے ۔ اس سے بڑھ کر یہ کہ تین سال گزرنے کے باوجود وہی سسٹم موجود ہے جس نے 2013میں الیکشن کرائے تھے جس پرآج تک اعتراضات لگائے جارہے ہیں جس کی بے اختیاری اور حکومت کے سامنے کوئی اوقات ہی نہیں جس کمیشن نے سال ڈیڑھ سال پہلے بلدیاتی انتخابات کرائیں تھے جو آج تک مکمل نہیں ہوئے جس میں آج تک پنجاب اور سندھ میں نمائندوں کو اختیارات نہیں دیے گئے ، یہی کمیشن آئندہ عام انتخابات کرائے گا۔سوال تو یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ ملک میں بائیومیٹرک سسٹم لانے اور جدید نظام کو اپنانے کے وعدے اور ارادے بھی ختم ہوئے کہ جس سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنا نا تھا۔ سیاسی جماعتوں اور حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط او ر بااختیار بنانے اور جدید نظام کو لانے کیلئے کام کریں تاکہ آنے والا الیکشن کم ازکم شفاف ہو جس میں سلیکشن کی بجائے انتخاب ہوجائے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتیں ملک میں الیکشن کمیشن کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ ہوجس میں عام آدمی بھی منتخب ہونے کی صلاحیت رکھتا ہو ،جس میں ووٹ ڈالنے کیلئے موبائل ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اورسیاسی جماعتیں پانچ سال بعد وہی رونا روتے ہیں یا الیکشن کمیشن کو با اختیار بناتے ہیں جس پر عام آدمی کا اعتبار قائم ہوجائے جس میں عام آدمی ووٹ ڈالے جس میں عام آدمی کی سوچ یہ ہو کہ میرا ووٹ درست استعمال ہوااورمیں ہمیشہ ووٹ ڈالوں گا اور دوسروں کو بھی ووٹ ڈالنے پر قائل کروں گا لیکن یہ تب ممکن ہوگا کہ جب الیکشن کمیشن جدید تقاضوں کے مطابق ، آزاد اور خودمختار ہوگا۔
Haq Nawaz Jillani
About the Author: Haq Nawaz Jillani Read More Articles by Haq Nawaz Jillani: 268 Articles with 226104 views I am a Journalist, writer, broadcaster,alsoWrite a book.
Kia Pakistan dot Jia ka . Great game k pase parda haqeaq. Available all major book shop.
.. View More