سموگ۔احتیاط ضروری

پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد ٗ شیخوپورہ ٗ ساہیوال ٗ اوکاڑہ،راولپنڈی،گوجرانوالہ،سیالکوٹ سمیت متعدد علاقوں میں سموگ کی گہری چادر نے فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے شہری و میدانی علاقوں میں آلودہ دھند اور گردوغبار کے نتیجے میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا ہے جس سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ عوام کوروزمرہ کی زندگی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے نیز آنکھوں میں چبھن اور سانس لینے میں دشواری جیسی متعدد بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔لاہور میں سموگ مکمل طور پر ختم نہ ہو سکی ، صبح کے اوقات میں سموگ میں کمی اور شام میں اس کی شدت بڑھ جاتی ہے ، سموگ سے بارہ سو سے زائد افراد متاثر ہو کر ہسپتال پہنچ گئے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی اپیل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری ماسک پہنیں اور آنکھیں بار بار دھوئیں۔ اب تک سموگ سے بارہ سو سے زائد افراد متاثر ہو کر مختلف ہسپتالوں میں پہنچے ہیں جنہیں آنکھوں میں سوزش ، گلے کی بیماری اور سانس لینے میں دشواری کی شکایات ہیں۔محکمہ موسمیات نے سموگ اور دھند کی لہر کئی روز تک جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے اور بتایا ہے کہ نومبر اور دسمبر میں معمول سے کم بارشوں کی وجہ سے موسم گرد آلود اور دھند نما سموگ کی لپیٹ میں رہے گا،چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات لاہور محمد ریاض کا کہنا ہے کہ سموگ کے باعث صحت کے مسائل کا مشاہدہ پہلی دفعہ پاکستان میں ہوا ہے اس سے پہلے عموما سموگ موسم سرما میں ہوتی رہتی تھی، سموگ کے باعث پہلے ایک دو روز میں آنکھوں سے پانی بہنے،گلے کی خراش،جلن اور فلو کے مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ سموگ کی ایک بڑی وجہ بارش کا نہ ہونا ہے کیونکہ بارش ہو جانے کی صورت میں گرد وغبار اور دھویں کے ذرات زمین پر آ جاتے ہیں، اسی طرح چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں کی صفائی کیلئے تنوں کو جلانے سے بھی بہت زیادہ دھواں اور فضائی آلودگی ہوتی ہے ، طبی ماہرین نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلتے وقت چہرے پر ماسک استعمال کریں اور ہر گھنٹے بعد تازہ پانی سے آنکھوں کو صاف کریں۔ سموگ کی وجہ سے ناک ، کان ، گلہ اور نظام تنفس متاثرہوتے ہیں اور آنکھوں میں جلن یا خارش ہو سکتی ہے۔ بچے اور ضعیف العمر افراد اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں لہذا سگریٹ نوشی کرنے والے حضرات ، دمہ یا سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد دھند میں نکلنے سے پرہیز کریں اور بھاپ لیں،مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سموگ(دھند) کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ریسکیو 1122 اور سرکاری ہسپتالوں میں متاثرہ افراد کے علاج کیلئے مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے،سموگ کے باعث سکولوں میں چھٹیوں پر غور کے بعد پنجاب حکومت نے صورتحال میں بہتری کے لئے ایک اور آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ پنجاب میں دھوئیں اور گردوغبار سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال برقرار رہی تو فضائی آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں اور بھٹیوں کو بند کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ جو صورتحال یکم اور دو نومبر کو تھی اس کی نسبت اب لاہور میں صورتحال قدرے بہتر ہے۔تاہم سموگ کا دائرہ لاہور اور گردونواح تک محدود نہیں اور یہ سفر کرتے ہوئے دیگر علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔ دھوئیں اور گردوغبار کی لہر کا مرکز سرحد پار بھارت ہے۔سیکرٹری ماحولیات کیپٹن (ر)سیف کا کہنا ہے کہ مشرقی پنجاب میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیت صاف کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آگ لگائی جاتی ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ دھواں اور فضائی آلودگی ہوتی ہے، ہوا کا رخ مشرق سے مغرب کی جانب ہونے کی وجہ سے یہ سموگ پاکستان کے ماحول کو بھی متاثر کرتی ہے،ہر سال نومبر سے فروری کے دوران دھند یا سموگ کا سیزن ہوتا ہے جو دس سے25 دن تک جاری رہتا ہے۔ اس وقت ہندوستان کے علاقوں امرتسر، انبالہ، دہلی وغیرہ میں بھی سموگ چھائی ہوئی ہے، بارش ہو جانے کی صورت میں گرد وغبار اور دھویں کے ذرات زمین پر آ جاتے ہیں ،ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹررضوان نصیر کا کہنا ہے کہ دھند کی صورت میں عوام موٹر وے اور شاہراہوں پر سفر سے اجتناب کریں اور رات میں حد نظر کم ہونے کی صورت میں بھی گاڑی کی تمام لائٹس آن کریں اور سڑک کے درمیان کھڑے ہونے سے اجتناب کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے، محکمہ تحفظ ماحولیا ت نے ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو سموگ کے معاملے سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ موجودہ موسمیاتی صورتحال میں ٹریفک جام ہونے سے مکمل طور پر اجتناب کیا جائے اور ٹریفک کے بہاؤ کو ان موسمیاتی صورتحال میں ہر ممکن روانی کو یقینی بنایا جائے، کثافتیں خصوصاً گیسیں سلفر ڈائی آکسائیڈ ،نائٹروجن آکسائیڈ و کاربن مونو آکسائیڈ وغیرہ فضاء میں ایک جگہ اکٹھی نہ ہوں اس سلسلہ میں انہوں نے تمام ضلعی آفیسرز ماحولیات کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام فضائی آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی کارخانے کو غیر معیاری ایندھن استعمال نہ کرنے دیں اور اس کے علاوہ کوئی بھی کارخانہ ویٹ سکربر و آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کے استعمال کو یقینی بنائے ۔لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے سموگ کی لپیٹ میں ہیں، ہر طرف چھائے دھوئیں کے بادلوں نے ہر چیز کو چھپا رکھا ہے، حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامان ہے۔دید دھند کے باعث موٹر وے کو مختلف مقامات پر بند کیا گیا ہے تاہم موٹر وے حکام کے مطابق گزشتہ دنوں کے مقابلے میں آج شدت کچھ کم ہے۔ لاہورسے سیال موڑتک ، موٹروے ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹروے ایم فور فیصل آباد سے سیالکوٹ، گوجرہ، شورکوٹ سیکشن تک بند کر دی گئی ہے۔لاہور سے خانیوال تک بھی شدید دھند کا راج ہے اور حد نگاہ 50 سے 150 میٹر کے درمیان ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پر سفر کرنے والے ڈرائیور حضرات کو گاڑی کی رفتارآہستہ رکھنے اور فوگ لائیٹس کے استعمال کی تاکید کی جاتی ہے۔ تاہم غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کا بھی مشورہ گیا ہے۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Mehar Basharat
About the Author: Mehar Basharat Read More Articles by Mehar Basharat: 101 Articles with 73027 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.