سعادت کی زندگی شہادت کی موت

تبلیغی جماعت سے وابستہ وطن عزیز ملک پاکستان کے مشہور و معروف نعت خواں ، داعی الیٰ اﷲ بھائی جنید جمشید بھی مسافرانِ آخرت میں شامل ہوگئے ہیں ، وہ چند روز قبل اپنی اہلیہ کے ہمراہ دس روز کی تشکیل کے لئے ’’ دعوت و تبلیغ ‘‘ کے سلسلے میں ملک کے مشہور علاقے ’’چترال‘‘ کی طرف گئے ہوئے تھے ، جہاں سے گزشتہ کل مؤرخہ 7 دسمبر بدھ کے روز ان کی ’’اسلام آباد‘‘ کی طرف واپسی متوقع تھی ۔

چنانچہ گزشتہ روز 3:30pm (تین بج کر تیس منٹ پر ) وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ P.I.A ( پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز)A.T.R-42 مسافر طیارہ ، پرواز نمبر P.K-661 پر سوار ہوکر چترال سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوئے اور جب ضلع ایبٹ آباد کے علاقہ ’’حویلیاں‘‘ کے قریب ’’بودلہ‘‘ نامی گاؤں میں پہنچے تو اچانک جہاز کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا ،اور P.I.A کے پائلٹ کیپٹن صالح جنجوعہ نے کنٹرول ٹاور کو ہنگامی پیغام دے دیا کہ جہاز ان کے کنٹرول سے باہر ہوگیا ہے۔ جہاز کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا ٹوٹا گویاسانسوں کی ڈور ہی ٹوٹ گئی اور جنید جمشید سمیت47 مسافروں کی زندگیاں ’’حویلیاں‘‘ کی پہاڑیوں میں ہمیشہ کے لئے موت کی آغوش میں چلی گئیں ۔

جنید جمشید مؤرخہ 3 ستمبر 1964 ء کو شہر قائد کراچی میں پیدا ہوئے ۔ یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی تعلیم لاہور سے انہوں حاصل کی اور اپنے عنفوانِ شباب کی ابتداء انہوں نے’’ پاپ موسیقی گروپ وائٹل سائنز ‘‘کے نمائندہ گلوکار کی حیثیت سے کی ۔

1987 ء میں جنید جمشید نے جب پاکستان ٹیلی ویژن پراپنا ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان ‘‘ گایا تو اس نے اس قدر شہرت حاصل کی کہ دیکھتے ہی دیکھتے وہ لاکھوں دلوں کی دھڑکن اور کروڑوں دلوں کی آواز بن گیا ۔ چنانچہ یوم آزادی ، یوم پاکستان ، اور دیگر قومی دنوں پر اس نغمے کی دھنوں کا بجنا ان دنوں کا ایک لازمی حصہ تصور کیا جانے لگا ۔اور اس نغمے کی بدولت جنید جمشید ایسے چھائے کہ اگلی پوری دھائی میں ان کا کوئی ثانی پیدا نہ ہوسکا ۔چنانچہ ان کے ’’پاپ گلو کاری ‘‘ کے زمانہ ( 1987 ء…… 2002 ء) کے زمانہ کے ’’جنید آف وائٹل سائنز‘‘ نامی البم 1994 ء میں ، ’’اس راہ پر‘‘ نامی البم 1999 ء میں اور ’’دل کی بات‘‘ نامی البم 2002 ء میں ریلیز ہوئے ۔

لیکن اس کے فوراً بعد ہی اچانک تبلیغی جماعت کے مشہورو معروف عالم دین مبلغ اسلام حضرت مولانا ڈاکٹر طارق جمیل صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی ان گنت محنتوں ، کوششوں اور نیم شب دعاؤں کی بدولت جنید جمشید کارجحان اسلامی تعلیمات کی طرف کچھ اس طرح سے بڑھنے لگ گیا کہ آہستہ آہستہ انہوں نے گانوں ، باجوں اور موسیقی جیسی صنعت وحرفت کو خیر آباد کہہ دیا اور دعوت و تبلیغ اور اشاعت اسلام کی طرف مائل ہوکر داعی الیٰ اﷲ بن گئے ۔ چنانچہ( 2002ء سے لے کر 2016ء تک) کی ان کی تمام زندگی اﷲ تعالیٰ کی حمد و ثناء اور حضور نبی کریمؐ کی نعت خوانی و ثناء خوانی اور دعوت الیٰ اﷲ جیسے رفیع العظمت اور عظیم المرتبت کام میں گزری ۔

مولانا طارق جمیل صاحب فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ ہماری جماعت رائیونڈ سے کراچی کی طرف ٹرین میں سفر کر رہی تھی کہ اچانک میری نظر ٹیلی ویژن کی سکرین پر پڑی جس میں جنید جمشید چند نوجوان لڑکیوں کے ساتھ ڈانس کر رہا تھا ، میں دل ہی دل میں اپنے آپ سے سوال کرنے لگا کہ اس نوجوان کو بھی اﷲ تعالیٰ توبہ کی توفیق عطا فرماسکتے ہیں؟ لیکن مجھے کیا پتہ تھا کہ اس کو راہِ راست پر لانے کے لئے اﷲ تعالیٰ میرا ہی انتخاب فرمائیں گے ؟۔‘‘

ایک اور بیان میں مولانا طارق جمیل صاحب فرماتے ہیں کہ جب جنید جمشید توبہ تائب ہوکر نیا نیا تبلیغی جماعت میں لگا اور داڑھی بھی رکھ لی تو کچھ عرصہ بعد کسی مشہور کمپنی نے انہیں اپنے کسی پروگرام میں بلایا اور ان سے درخواست کی کہ: ’’ صرف دس منٹ کے لئے آپ نے گانا گانا ہوگا ،ساتھ میں لڑکیا ں ڈانس کریں گی ، اس کا معاوضہ (غالباً) پانچ کروڑ روپیہ آپ کو دیا جائے گا۔‘‘ جنید جمشید نے اس گراں قدر پیش کش کو کھلے دل سے قبول کرلیا اورسب سے پہلے جاکر اپنی داڑھی کٹوادی اور جاکرپروگرام میں حاضر ہوگیا ۔ہمیں جب یہ بات معلوم ہوئی تو ہم چند ساتھی جماعت لے کر جنید جمشید کے دروازے پر دوبارہ انہیں اﷲ کے راستے میں وصول کرنے کے لئے حاضر ہوگئے ۔ جنید جمشید نے جب ہمیں دوبارہ اپنی طرف اس محبت اور عقیدت کے ساتھ آتے دیکھا تو وہ شرم کے مارے پانی پانی ہوگیا اور ہم سے شرمندگی محسوس کرنے لگا اور مجھ سے معذرت کرنے لگا ،لیکن میں اسے تسلی دی اور اس سے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے اﷲ تعالیٰ بڑے غفور رحیم ہیں ، بندہ ہزار بار بھی گناہ کرلے اور پھر سچے دل سے توبہ کرلے تو اﷲ تعالیٰ اس کے سارے گناہ معاف کردیتے ہیں ، اس لئے آپ دوبادہ اﷲ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کرلیں ، اﷲ تعالیٰ آپ کو معاف فرمادیں گے، چنانچہ جنید جمشید نے توبہ تائب ہوکر دوبارہ اﷲ تعالیٰ سے دوستی کرلی اور داڑھی رکھ لی ۔‘‘

اس کے بعد ایک مرتبہ پھر کسی مشہور کمپنی نے جنید جمشید کو گاناگانے کی پیشکش کی اور ساتھ ہی یہ آفر دی کہ اس بار گانا گانے کی آپ کی قیمت کمپنی نہیں بلکہ آپ خود مقرر کریں گے، کمپنی پیڈ اور پین آپ کے ہاتھ میں تھمائی گی، آپ نے خود اس پر اپنے گانا گانے کی قیمت لکھنی ہوگی ،مگر اس بار جنید جمشید نے گانا گانے سے صاف انکار کردیا اور کہہ دیااب یہ کام مجھ سے نہیں ہوسکتا اور اب میری یہ گردن تو یہاں سے کٹ سکتی ہے لیکن اﷲ تعالیٰ کے پیارے حبیب ؐ کی مبارک سنت میرے چہرے سے نہیں کٹ سکتی ۔‘‘

چنانچہ2002ء میں جنید جمشید نے جب حمد و نعت پڑھنا شروع کی تو اس میدان میں بھی انہوں بام شہرت کے عروج کو خوب چھوا اور اﷲ تعالیٰ نے اس میدان میں بھی ان کو خوب عزت و ترقی سے سرفراز کیا ۔ چنانچہ2007ء میں ان کو تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا ۔ ان کا حمد اور نعتیہ کلام پر مشتمل پہلا البم ’’جلوۂ جاناں‘‘ کے نام سے2005 ء میں ریلیز ہوا ۔ دوسرا البم ’’محبوب یزداں‘‘ کے نام سے 2006 ء میں ریلیز ہوا۔تیسرا البم ’’ بدر الدجی ٰ‘‘ کے نام سے 2008 ء میں ریلیز ہوا او ر چوتھا البم ’’بدیع الزماں‘‘ کے نام سے 2009ء میں ریلیز کیا گیا ۔ اس کے علاوہ اس دوران جنید جمشید نے اپنا کاروبار بھی شروع کیا ، جس کی شاخین بڑے بڑے شہروں میں قائم ہیں ۔ وہT.V پروگراموں میں’’ رمضان نشریات‘‘ کی میزبانی بھی کرتے رہے اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے ۔

قارئین باتمکین کو یہ پڑھ کر جنید جمشید کی زندگی پر رشک آئے گا کہ جب ان کے والد ماجد دنیا سے رخصت ہوئے تو وہ اﷲ کے راستہ میں تھے ، پھر جب ان کی والدہ ماجدہ کے انتقال کا وقت آیا تب بھی وہ اﷲ کے راستہ میں تھے اور اب جب خود ان کی شہادت کا وقت آیا تو بھی اپنی شریکِ حیات کے ساتھ اﷲ کے راستہ میں تھے ۔ دیکھئے ! اﷲ تعالیٰ نے کیسی ان کو سعادت کی زندگی اور شہادت کی موت عطا فرمائی ہے؟۔اﷲ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ وہ انہیں اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پیچھے ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ النبی الکریم۔
Mufti Muhammad Waqas Rafi
About the Author: Mufti Muhammad Waqas Rafi Read More Articles by Mufti Muhammad Waqas Rafi: 188 Articles with 285077 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.