وفاقی حکومت نے اوگرا ،پیمرا ،پی ٹی اے
ودیگر ریگو لیٹری اتھاریٹیز کی خود مختاری پر قد غن نہیں لگائی بلکہ اسے
مکمل ختم کرکے انہیں وزارتوں کے ماتحت کرکے عوام کے حقوق پر ایک اور ڈاکہ
ڈالا ہے کسی نے ایسا کرنے کا کوئی مطالبہ آج تک نہیں کیا پھر ایسا عمل صرف
ملک میں مزید جمہوری آمریت قائم کرکے عوام کا خون چوسنے کے لیے کیا جارہا
ہے تاکہ عوام کی گردنوں کے گرد آہنی شکنجہ مزید کسا جائے اور مہنگائی بڑھا
کر اس میں سے حکومتی کار پرداز مزید مال سمیٹ سکیں اب چونکہ حکومت کا چل
چلاؤ ہے اس لیے جلدی آن پڑی ہے کہ ڈائریکٹ قیمتیں حکمران خود بڑھائے اور
کسی نچلی تجویز کی گنجائش ہی نہ رہنے دی جائے تاکہ جو معمولی ریلیف عوام کو
نصیب تھا وہ یکسر ختم ہو جائے اسطرح بالآخرگھٹنے ٹیکنے پر مجبور عوام
وزیروں اور حکمرانوں سے براہ راست مہنگائی کے خاتمے کی توقع رکھیں ناممکنات
میں سے ہے کوئی اپنے مال میں پرائے افراد کو حصہ دار کیونکر بناسکتا ہے؟اور
صنعتکار حکمرانوں سے ایسی توقع رکھنا "ایں خیال است و محال است وجنوں"بجلی
گیس پٹرولیم مصنوعات کا مکمل کنٹرول وفاقی حکومت نے خود سنبھال لیا ہے ۔گیس
مالکان سے بھی کہا ہے کہ وہ گیس کی قیمت خود بھی مقرر کرسکتے ہیں وزیر اعظم
کی منظوری کاباقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوچکا خود مختار اداروں کو وزارتوں کی
تابعداری میں دینے کے عمل سے عوام کے حقوق بہرحال دب کر رہ جائیں گے یہ
اقدام ایسے حکمرانوں کی طرف سے کیا گیا ہے جو عوام کو ریلیف دینے کے بلند و
بانگ دعوے کرتی رہتی ہے۔اور خود کو پھر بھی آمرانہ طرز فکر اپناتے ہوئے نام
نہاد جمہوریت کا حامی قرار دیتی ہے۔ان اداروں سے قیمتوں کے آزادانہ تعین
اور دوسرے معاملات کسی سیاسی دباؤ کے بغیر طے ہوتے تھے۔اور انھیں قائم کرتے
ہوئے دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان اداروں کے قیام سے حکومتی مناپلی قائم نہ
ہونے دینامقصد ہے۔ ویسے تو پہلے بھی یہ ادارے قیمتوں کے تعین کی صرف سفارش
ہی کرسکتے تھے ۔ جسے بالآخر منظوری یا مسترد کرنے کا ٹھپہ حکومت ہی نے
لگانا ہوتا تھا اس سارے معاملے میں وزارتیں من مانی کرتی تھیں مثلاً اگر
اوگرا ،بجلی یا پٹرول کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی کی سفارش کرتا تو اس سے
خاصی کم تخفیف کی جاتی جب نرخ زیادہ کرنے کی سفارش کی جاتی تو اضافہ دل
کھول کر کیا جاتا تھا۔کہ اس طرح حکومتی کارپردازوں ،وزارتوں کا ذاتی مفاد
وابستہ ہوتا تھا اس میں سے کئی فیصد منافع خود وزارتیں وصول فرماتیں اور
پھر اوپر تک یہ مفاداتی گھن چکر جاری رہتا۔بیرون ممالک اربوں ڈالرز پانامہ
لیکس ،سوئس اکاؤنٹس وغیرہ میں کوئی آسمانی فرشتے نہیں جمع کرواڈالتے یہ
سبھی حکمرانوں کی طرف سے عوامی خون پسینے کی کمائیوں سے چھینا جھپٹی کی ہی
صورت ہے جس نے بیرون ملک سرمایوں کے انبار لگا ڈالے ہیں۔گو ان ریگولیٹری
اداروں کی حیثیت محض نمائشی ہو کر رہ گئی تھی پھر بھی لوگوں کو کچھ تسلی
تھی کہ یہ ادارے ان کے حق میں آواز اٹھانے والے بھی ہیں ان اداروں کو
وزارتوں میں ضم کرنے سے لوگوں کی یہ معمولی آس و امید ختم ہو گئی ہے اور
عوام مکمل وزارتوں کے ارباب بست و کشاد کے ٖفیصلوں کے رحم و کرم پر ہوں گے
جمہوری نظام میں تو سبھی ادارے خود مختار ہوتے ہیں اور آزادانہ فیصلے کرتے
ہیں یہی وجہ ہے کہ ان میں شفافیت ہوتی ہے۔اور عوام کو کچھ نہ کچھ ریلیف
ملتا رہتا ہے لیکن ہمارے ہاں رائج نام نہاد جمہوریت انوکھی لاڈلی نو بیاہتہ
شرمیلی لڑکی کی طرح ہے جو کہ اپنی قسمتوں کا فیصلہ اپنے خاوندکی صوابدید پر
سمجھتی ہے اس طرح اب تو وزارتیں بھی فیصلوں کے سلسلہ میں سربراہ حکومت کے
اشارہ آبرو کی منتظر رہتی ہیں اس طرح سے تو بعض اوقات جمہوریت کے نام پر
شخصی حکومت قائم ہونے کا شکوہ کیا جاتا ہے جس پرپیر کے روز حکومتی اقدام نے
مہر تصدیق ثبت کردی ہے اس اقدام سے اب شفافیت اور آزادی قطعاً قائم نہ رہ
سکے گی عوام کی امیدیں ٹوٹنے کے نتیجے میں عوام کی بے دلی میں اضافہ ہو گا
اور وہ مزید مسائل اور مشکلات کا شکار ہوں گے ۔
آمر کمانڈو مشرف کی آٹھ سالہ آمریت کے بعد جمہوریت بحال ہوئی تو چاہیے یہ
تھا کہ اس سے آگے کا سفر کیا جاتا۔ملک بھر میں آزادانہ کام کرنے والے ادارے
قائم کیے جاتے اور انھیں سیاسی اثر و رسوخ سے بچایا اور محفوظ رکھا جاتا
اور یہ عوام کے حق میں پوری آزادی کے ساتھ فیصلے کرنے میں خود مختار ہوتے
لیکن لگتا ایسا ہے کہ ہم الٹاسفر کر رہے ہیں وزارتوں کا پابند ہو جانے اور
ماتحت بنانے سے ان اداروں سے حکومت اپنے من مانے فیصلے کروائے گی صوبوں کی
منظوری کے بغیر ریگولیٹرز کی خود مختاری کا خاتمہ آئین کے مطابق بھی نہ ہے
اس لیے صوبے ریگو لیٹرز کی خود مختاری ختم کرنے کی مخالفت کرتے رہے ہیں یہ
عمل ایک ایسی کالک ہے جو حکمرانوں نے اپنے چہروں پر مل کر روسیاہ کرلیا ہے
ضرورت اس امر کی ہے نہ صرف اس فیصلے کو واپس لیا جائے بلکہ عوام کی بہبود
اور انھیں ریلیف دینے کے لیے مزید اداروں کو ریگو لیٹری بنایا جائے۔جمہوریت
پر مزید قدغنیں لگاتے رہنے سے شخصی آمریت کا تاثر ابھرتا ہے جس سے ہچکولے
کھاتی ہوئی حکومتی ناؤ مکمل ڈوب بھی سکتی ہے عوام میں حکومتی مخالف جذبات
جب مخصوص حدوں کو پھلانگ جائیں تو پھر کالے بکروں کی قربانیاں بھی رائیگاں
چلی جاتی ہیں اور شہنشاہ ایران کی طرح کھربوں ڈالرز کی جائدادیں بھی عوام
بیرون ملک لے جانے کی قطعاً اجازت نہیں دیتے ایسے اقدامات خود اپنے پاؤں پر
کلہاڑی مارنے اور آ بیل مجھے مارنے کے مترادف ہے ۔عوام کے پاس مرنے اور
مارنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ رہے گا کہ پہلے ہی چھ کروڑ اس قابل نہیں کہ دو
وقت شکم سیر ہو کر روٹی کھا سکیں ساٹھ فیصد عوام کے سروں پر چھت نہیں
سرکاری ملازمین تک جبر مسلسل کے دباؤ میں ہیں ۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ
نے اس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرڈالا ہے خدا خیر کرے۔ |