قائد کے خوابوں کی تعبیر

(Imtiaz Ali Shakir, Lahore)
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر خصوصی مضمون
 انتہائی مصروف دورمیں جہاں لوگ اپنی ذات کیلئے بھی وقت نہیں نکالتے اپنے قائدین کے احسانات کویادکرکے اُن کے خاص ایام میں یادتازہ کرنااورآنے والی نسلوں تک اُن کاپیغام پہنچاناکسی عجوبے سے کم نہیں،ہمارا قومی جوش و جذبہ یہ ثابت کرتاہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں اسلامی ریاست بن کر قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کی صورت اختیارکرے گا ، 25دسمبرآج ہم اُس عظیم شخصیت کی سالگرہ منا رہے ہیں جس کی مخلص قیادت میں آزادی جیسی عظیم الشان نعمت ملی۔برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاداورخودمختاراسلامی جمہوریہ پاکستان اﷲ تعالیٰ کے تحفے سے کم نہیں‘ قائداعظم پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانا چاہتے تھے۔ اﷲ سبحان تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح،علامہ محمد اقبال اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کا پاکستان بنا دے۔ قائداعظم نے ہندو اور انگریز سے لڑ کر مسلمانوں کیلئے علیحدہ آزادملک حاصل کیا۔ ہندو اور انگریز بھارت ماتا کی تقسیم سخت کیخلاف تھے۔پنڈت نہرو کا لیڈی ماؤنٹ بیٹن کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا، قیام پاکستان سے قبل یہاں ہندو اور مسلم پانی کی الگ الگ صدائیں لگتی تھیں،مسلمان ہندئیوں کے گھروں میں چلے جاتے تو ان کے باورچی خانے میں جانے کی اجازت نہیں تھی، غلطی سے وہاں چلے جاتے تو وہ اسکی اچھی طرح صفائی کیا کرتے تھے کیونکہ ان کے نزدیک مسلمانوں جانے سے باورچی خانہ ناپاک ہو جاتا۔ آج کا پاکستان ویسا پاکستان نہیں ہے جس کا نظریہ ہمیں علامہ محمد اقبال نے دیا اور قائداعظم و مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی زندگی وقف کر کے اسے حقیقت بنایا۔علامہ محمد اقبال نے ہی اْ س مردِ مومن کا انتخاب کیا جس نے پاکستان بنانا۔ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے قائداعظم کی دن رات تیمارداری کی اور انہیں اس قابل بنایا کہ وہ پاکستان بنا سکیں۔ پاکستان نہ بنتا تو آج ہمیں جو خوشحالی نظر آ رہی ہے یہ نہیں ہونی تھی۔ ہم نے اپنی نالائقی سے ایک سے دو پاکستان بنا دیے۔آج بنگلہ دیش میں شیخ مجیب کی بیٹی ملاّ عبدالقادر و دیگر کو پھانسی دے چکی ہے جبکہ اس نے پاکستان کے مزید حامیوں کی فہرست بھی بنا رکھی ہے،آج امن کی آشا کے پجاریوں نے یہ رٹ لگا رکھی ہے کہ قائداعظم سیکولر تھے اور وہ پاکستان کو سیکولر ملک بنانا چاہتے ہیں۔یہ سو فیصد بکواس ہے۔ قائداعظم پاکستان کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانا چاہتے تھے پرزندگی نے انہیں موقع نہ دیا۔ انہیں موقع ملتا تو وہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایسا پاکستان بناتے جیسا علامہ محمد اقبال چاہتے تھے۔ہر سال اپنے قائد سے محبت کا اظہار اس بات کی دلیل ہے کہ قوم نے اُن کے نظریات کو فراموش نہیں کیا،پاکستانی قوم کے دلوں میں آج بھی قائداعظم زندہ ہیں اور انشاء اﷲ پاکستان قائدعظم کا پاکستان بن کر رہے گا۔قائد اعظم محمد علی جناح بانی پاکستان کی شخصیت پرتاریخ نگاروں نے بے شمار کتب مقالے اور مضامین لکھے ہیں جن میں قاری کو اُن کی شخصیت بارے میں اہم معلومات اوردیگرکارناموں کے معلق کافی موادملتا ہے۔ قائداعظم کی سوانح عمری اُن کے افکار، اُن کی تقاریر پر نگاہ دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ بلا شبہ وہ انیس ویں صدی کے عظیم ترین لیڈر تھے۔انیس ویں صدی برصغیر کی تاریخ میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔اس صدی میں چند ایسی مسلم ہستیوں نے اپنا لوہا منوایا جنہوں نے خطے کے مسلمانوں میں یگانت اور بھائی چارے کی نئی روح پھونک کر انہیں ایک وحدت میں منسلک کردیا۔ان عظیم ہستیوں میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ،مولانا ظفر علی خاں،ڈاکٹر ضیاء،مولانا شوکت علی،سرسید احمد خاں ، مولانا محمد علی جوہر اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نام نمایاں ہیں ۔ان رہنماؤں نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی پستی سے نکال کر صیحح اور روشن منزل کاپتا دیا ۔وہ منزل قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں نے 14اگست1947ء کے دن پاکستان کی صورت میں حاصل کی ۔بانی پاکستان قائداعظم نے چالیس سالہ جہد مسلسل سے بتدریج مختلف ارتقائی منازل اور بے شمار مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی معجزاتی و کرشماتی شخصیت کی بدولت دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت کی بنیاد رکھی۔ہم ہر سال 25دسمبرکے دن بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کایوم ولادت قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں ۔اس دن ہم اپنے قائد کی یاد تازہ کرنے کیلئے اُن کے اقوال اور پاکیزہ جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔قائداعظم سمجھتے تھے کہ مسلمان مذہب کی رو سے ہندوؤں اور انگریزوں سے الگ قوم ہیں اس لیے ان کی آزادی اور خود مختاری کے لیے ایک علیحدہ ا سلامی ریاست کی ضرورت ہے۔ نظریہ اسلام کی بنیادپرآزادہونے والے پاکستان کو سیکولرثابت کرنے کیلئے جس اندازمیں بانی پاکستان کوسیکولرقراردینے کی کوشش ہورہی ہیں اُن کے پیچھے گہری سازشوں کی بوآتی ہے۔قائداعظم نے مسلمانوں کیلئے جسطرح علیحد ہ آزاد اسلامی ریاست کی جدوجہد کی اسکی مثال نہ توماضی میں ملتی ہے نہ مستقبل میں ملنے کی اُمیدہے۔سیکولرنظریہ کامقابلہ کرنے کیلئے قائد اعظم کے اسلامی نظریات کے بارے میں ابھی تک بہت کم لوگوں نے قلم اٹھایا ہے۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ سیکولرذہنیت رکھنے والے دانشور حضرات مسلسل قائداعظم کو سیکولر قرار دینے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں۔ قائد اعظم نے تقسیم ہند سے پہلے اور بعد میں متعدد بار یہ اعلان کیا تھا کہ پاکستان کی بنیاد اسلامی اصولوں پر اٹھائی جائیگی اور پاکستان کے نظام آئین اور ملکی ڈھانچے کو اسلامی اصولوں پر استوار کیا جائیگا۔قائداعظم سیکولرہوتے توپھروہ برصغیرکے مسلمانوں کی قیادت کرنے کی بجائے ہندوبنئے کے ساتھ مل کرمسلمانوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کوشش کرتے جبکہ انہوں نے ایسا نہیں کیااورمسلمانوں کی قیادت کی ذمہ داری اپنے سرلیتے ہوئے اس انداز میں دوقومی نظریہ کواجاگر کیاکہ پاکستان ایک آزادملک بن کردنیا کے نقشے میں شامل ہوگیا۔قائد اعظم کا تعلق کسی سیکولرگھرانے سے نہیں بلکہ ایک مذہبی خاندان کے ساتھ تھاجب انہوں نے ہوش سنبھالا تو ان کی ابتدائی تعلیم و تربیت کیلئے ان کے والد پونجا جناح نے سندھ مدرستہ الاسلام کا انتخاب کیا۔ معروف مصنف رضوان احمد مرحوم نے گہری تحقیق اور محنت سے قائد اعظم کی زندگی کے ابتدائی سالوں پر کتاب لکھی ہے ان کے مطابق قائداعظم کو بچپن میں قرآن مجید پڑھایا گیا ۔ جسطرح سارے مسلمان بچوں کو اس دور میں پڑھایا جاتا تھا۔ انکی ہمشیرہ شریں بائی کے حوالے سے وہ لکھتے ہیں ’’قائداعظم محمد علی جناح‘‘ کے والد پونجا جناح مشن سکول کے معلم تھے بیٹے کو سکول میں داخل کرنے کا وقت آیا تو اسے مشن سکول کی بجائے ’’سندھ مدرستہ السلام‘‘ میں داخل کروایا۔ پونجا جناح صرف تاجر ہی نہ تھے معلم بھی تھے بچپن کی تعلیم اور اسکے اثرات سے آگاہ تھے وہ جانتے تھے کہ ایک بچے کی ذہنی ساخت اور کردار سازی میں کون کون سی چیزیں ضروری ہوتی ہیں۔ اسکے علاوہ وہ ان لوگوں کا ہاتھ بٹانے والے بھی تھے جنہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام کے قیام کی ضرورت محسوس کی اور اسے قائم کیا۔ وہ خود گھر پر بچوں کو قرآن شریف پڑھاتے تھے اور ماں بچوں کو مذہبی تاریخی کہانیاں سنایا کرتی تھیں‘‘۔ قائد اعظم حقیقی مسلمان اورمحبت رسول ﷲﷺ سے سرشار تھے جس کاثبوت یہ ہے کہ جب وہ انگلستان سے واپس بمبئی پہنچے نوجوانی کی عمرمیں قائداعظم نے پہلی بار جس تقریب میں شرکت کی وہ جشن عید میلاد النبی ﷺکی تقریب تھی اس وقت کوئی محمد علی جناح کو جانتا بھی نہ تھا۔ اگلے سال بھی وہ اس تقریب میں موجود تھے۔ کیا یہ سمجھنا مشکل ہے کہ بظاہر ولایتی سوٹ پہننے والے جناح کے باطن میں رسول اﷲ ﷺ کی محبت کی روشنی موجود تھی جو انہیں ان تقریبات میں کھینچ لائی تھی۔قائد اعظم محمد علی جناح کی محنت ،لگن ،قابلیت اورمخلص قیادت میں دنیاکاناممکن کام ممکن ہوا،اس حقیقت سے ہمیں یہ سبق حاصل ہوتاہے کہ خرابی حالات کودیکھ گھبرانانہیں بلکہ حوصلوں کومزید جوش دیناچاہیے تاکہ ہم بھی پاکستان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان ،خوشحال،خودمختار اورترقی یاقتہ بنانے میں اپنابھرپورکرداراداکرسکیں،اس بات میں کوئی شک نہ ہے کہ اسلام ہی وہ طاقت ہے جس کے بل بوتے پرپاکستان وجودمیں آیا -
Comments Print Article Print
 PREVIOUS
NEXT 
About the Author: Imtiaz Ali Shakir

Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 310547 views »
Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here >>
26 Dec, 2016 Views: 479

Comments

آپ کی رائے