28مئی ۔۔یوم تکبیر

قوموں کی زندگی میں چند لمحات ایسے بھی آتے ہیں کہ ان کے ذرا سے فیصلے سے غلامی، تاریکی اور سیاہ بختی اس قوم کا مقدر بن جاتی ہے یا پھردنیائے عالم میں وہ قوم ایک آزاد،باوقار اور آبرومند قوم کی حیثیت سے پہچانی جاتی ہے پاکستانی وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے منہ سے نکلا ہوا وہ جملہ کہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے تاریخ کا حصہ بن گیا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ ایک ایسا ملک جو معرض ِوجود میں آیا تو اس کے پاس کوئی قابل ذکر انڈسٹری نہیں تھی لیکن دنیا کی ساتویں اور ملت ِاسلامیہ کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا یہ کیسے ہوا اور کیونکر ہوا ؟کِس کِس نے پاکستانی عوام کے اِس خواب کی تکمیل کے لیے اپنا اپنابھرپور کردار ادا کیا اور کون اِس راہ میں روڑے اٹکاتا رہا یہ ایک الگ داستان ہے داناؤں کا قول ہے کہ فوج جنگ جیت جائے یا ہارجائے شکست کی ذمہ داری اور جیت کا سہرا سپہ سالار کے سر جاتا ہے محب وطن،دور اندیش اورجراٗت مند قیادت ہمیشہ ملکی مفاد اور قوموں کی زندگی سنوارنے والے تاریخ ساز فیصلے کیا کرتی ہے جب کہ مفاد پرست کٹھ پتلی حکمران نا صرف اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں بلکہ قوموں کی آبرو،تشخص اور خودمختاری کو بھی گروی رکھ دیا کرتے ہیں۔ انڈیا اپنے قیام کے دن سے ہی جنوبی ایشیا میں بالا دستی کے خواب دیکھتا چلا آرہا ہے امریکہ اور یورپی ممالک سے اسلحے کی وسیع پیمانے پر خریداری اس کے عزائم کو آشکار کرتی ہے پڑوسی ممالک سے چھیڑچھاڑ اور ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اس کا وطیرہ رہا ہے ۔ پاکستان کا قیام اس کو ہضم ہو ہی نہیں رہا اس لیے تووہ ہمیشہ پاکستان کی بقا اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے پاکستان اور انڈیا کے مابین دو جنگیں بھی اسی تناظر میں ہوئی ہیں پاکستان میں خانہ جنگی، بدامنی اور انتشار پھیلانے میں بھی انڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔بھارت کی بیش تر آبادی تنگدستی،بدحالی اور غربت کی زندگی گزاررہی ہے مگر اس کا جنگی جنون ہے کہ روز بہ روز بڑھتا ہی جا رہا ہے11 مئی1998 کو انڈیا نے تین اور 13مئی کودوایٹمی دھماکے کیے جس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ گیاامریکہ نے انڈیا کی سرزنش کرنے کی بجائے الٹا پاکستان کو دھمکانا اور لالچ دینا شروع کر دیاپاکستانی وزیر اعظم میاں نوازشریف نے عسکری قیادت کے مشورے سے امریکہ کی تمام تر دھونس ،دھمکیوں اور لا لچ کو نظر انداز کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا اور28 مئی کو پاکستان نے چاغی کے مقام پرپانچ جبکہ کھاران میں ایک ایٹمی دھماکہ کردیا اس طرح پاکستان کل چھ ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کی ساتویں اور ملت اسلامیہ کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیابعد میں 28مئی کو یوم تکبیر کا نام دیا گیا اوراب پاکستان بھر میں28 مئی یوم تکبیر کے نام سے منایا جاتا ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے ہوئے 19سال کا عرصہ ہو چلا ہے انڈیا نے اپنے ایٹمی سائینسدان ڈاکٹر ابوالکلام کو ملک کا صدربنادیا جبکہ پاکستانی حکمرانوں نے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قوم کے سامنے نا صرف ملزم بنا کرپیش کیا بلکہ انہیں کافی عرصے تک نظر بند بھی رکھاگیا پاکستان نے 1998میں جب ایٹمی دھماکے کیے تو اس وقت ملک کے وزیر اعظم میاں نواز شریف تھے آج بھی میاں نوازشریف بر سر اقتدار ہیں کیا وہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ انہیں ملک کا صدربنا کر کر سکتے ہیں؟تاریخ کا یہ سوال ناصرف میاں نوازشریف بلکہ ہر محب وطن پاکستانی پر ہمیشہ قرض رہے گا۔
 

Wakeel Sain
About the Author: Wakeel Sain Read More Articles by Wakeel Sain: 16 Articles with 13894 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.