دو پیسے۔۔۔ایک میرا ایک محتاج کا

عبدالستار ایدھی1 جنوری1928کو بھارتی شہر بانٹوا میں سیاسی کارکن اور تاجر کے گھرپیدا ہوئے والد شروع سے ہی اپنے دوستوں کا خیال رکھتے تھے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے والے انسان تھے عبدالستار ایدھی بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے لگے ان کا ایک مشہور واقعہ ہے کہ ان کی ماں انہیں 2پیسے دیتی ایک اپنے خرچ کے لیے جبکہ دوسرا پیسہ کسی ضرورت مند کے لیے چھوٹی عمر میں ہی ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا ہوا 11سال کی عمر میں اپنی ماں کی دیکھ بھال شروع کی جو کہ ذیابیطس کی مریضہ تھیں ۔تقسیم ہند کے بعد1947میں بانٹوا سے ہجرت کر کے پاکستان کراچی میں آکر آباد ہوئے 1951میں اپنی جمع پونجی سے دکان خریدی جس میں ایک ڈاکٹر کی مدد سے ڈسپنسری کھولی اور ڈاکٹر سے ابتدائی امداد کا علم حاصل کیا آپ اپنے دوستوں کو مدد کرنے کا درس دیتے عبدالستار ایدھی ڈسپنسری کے میز پر ہی سو جاتے تا کہ بوقت ضرورت کسی مریض کو میسر ہوں1957میں کراچی میں فلو کی وباء پھوٹ پڑی ایدھی نے فوری عمل کا مظاہرہ کیا اور ملحقہ علاقوں میں خیمے لگوا کر مدافعتی ادویات کی مفت فراہمی شروع کی اور عوام سے چندے کی اپیل کی شروع میں کراچی اور بعد میں پورے پاکستان سے چندہ ملنا شروع ہوا مخیر حضرات نے ان کی دل کھول کر امداد کی امداد کی رقم سے انہوں نے عمارت خریدی اور وہاں نرسوں کی ٹریننگ کا آغاز کیا بس یہی ایدھی فاؤنڈیشن کا آغاز تھا عبدالستار ایدھی خود کہتے ہیں کہ میں کبھی پڑھا تو نہیں لیکن مارکس اور لینن کی کتابیں پڑھی ہیں ،کربلا والوں کی زندگی پڑھی ہے،میں تمہیں بتاتا ہوں اصل جنگ کس کی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔؟اصل جنگ امیر اور غریب کی ہے ظالم اور مظلوم کی ہے
عبدالستار ایدھی نے اپنی پوری زندگی صرف انسانیت کا درس دیا ان کا خیال تھا کہ انسان اﷲ کی مخلوق ہے مذہب جو بھی ہو ہمیں مریض ، ضرورت مند کی مدد کرنی چاہیے انہوں نے اپنی سادگی کی بنا پر نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں شہرت پائی اور شہرت اور مقبولیت کے باوجود بھی انہوں نے اپنی زندگی کو کسی دوسری تہذیب یا رنگ میں نہیں ڈھالاہمیشہ روائتی پاکستانی لباس جو کہ ان کی اپنی ملکیت میں صرف دو ہی تھے وہی پہنتے اس کے علاوہ کھلے پاؤں والی چپل جو کہ وہ پچھلے بیس سال سے استعمال کر رہے تھے یہ ایک حقیقت ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کا بجٹ تقریباً ایک کروڑ ہے لیکن انہوں نے ایک پیسہ بھی اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا ان کے بیٹے فیصل ایدھی کا ایک بیان ہے کہ افغانستان میں جب ایدھی فاؤنڈیشن کا افتتاح ہوا تو مہمانوں،صحافیوں اور عملہ کے لیے کرسیاں خریدی گئیں تو ایدھی صاحب یہ دیکھ کر بہت غصہ ہوئے اور کہا کہ یہ پیسے محتاج اور غریبوں کے ہیں ہمیں اس پر کوئی حق نہیں اس سے بڑھ کر سادگی یہ کہ اس رات آپ ڈرائیور کے ساتھ کلینک کے فرش پر ہی سوئے

ایدھی فاؤنڈیشن کے پاس 600ایمبولینس ہیں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے 1997کے عداد و شمار کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس اور عبدالستار ایدھی بغیر کوئی چھٹی کیے اپنا کام سر انجام دینے والے واحد شخص ہیں اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ریکارڈ بننے کے باوجود بھی کوئی چھٹی نہیں کی ہسپتال اور ایمبولینس کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے بچوں کے لیے سکول،لاوارث سینٹر،یتیم خانے،بلڈ بنک اور معذوروں کے لیے گھر اور بے پناہ مقامات پر پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں عبدالستار ایدھی کا ایک خواب تھا کہ وہ ہر 500کلومیٹر کے بعد ایک ہسپتال تعمیر کروائیں امید کی جا سکتی ہے اب ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی اس مشن کو پایہ تکیمل تک پہنچائیں گے اگرچہ ان کو خدمات کے عوض مولانا کا لقب دیا گیا لیکن انہوں نے اس لقب سے انکار کر دیا کیونکہ وہ کہتے کہ انہوں نے کسی دینی سکول یا ادارے میں تعلیم حاصل نہیں کی تھی لیکن وہ اپنے آپ کو ڈاکٹر کہلوانا پسند کرتے تھے کیونکہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن نے انہیں ڈاکٹری کی اعزازی ڈگری دی تھی جب کوئی شخص ان کے کام کی تعریف کرتا تو وہ نا خوش ہوتے عبدالستار ایدھی کسی بھی دینی یا حکومتی امداد کو قبول نہ کرتے کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ یہ امداد مشروط ہو تی ہے ضیاء الحق اور اطالوی حکومت کی جانب سے ملنے والی امداد بھی اسی نظریہ سے واپس کر دی تھی

1996میں عبدالستار ایدھی کی خود نوشت سوانح حیات شائع ہوئی عبدالستار ایدھی کسی قسم کی لالچ اور حوس کے بغیر پوری زندگی مخلوق خدا کی مدد میں مصروف رہے ایدھی کو ان کے بہترین کام کے صلہ میں بہت سے حکومتی ،مذہبی،نجی اور غیر ملکی اعزازات سے نوازا گیا جن میں چند یہ ہیں1988میں لینن امن ایوارڈ،دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2000،ہمدان ایوارڈ برائے عمومی طبی ایوارڈ 2000متحدہ عرب امارات،نسٹیٹویٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے 2006میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری،یونسیکو مدنجیت سنگھ اعزاز2009کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کی جانب سے سلور جوبلی شیلڈ،1989میں سندھ حکومت کی جانب سے سماجی خدمت گار برائے برصغیر کا اعزاز، 1989میں حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز نشان امتیاز،پاکستان آرمی کی جانب سے اعزازی شیلڈ جیسے بے شمار ایوارڈ عبدالستار ایدھی کو دیے گئے عبدالستار ایدھی صرف ایک انسان کا نام ہی نہیں بلکہ ایک عہد اور ولولے کا نام ہے ایدھی نے اپنی پوری زندگی لوگوں کی مدد کرنے میں گزاری 98سال کی عمر میں پہنچ کر بھی ان کا دل جوان اور محنت اور مدد کرنے کا جنون ویسا ہی تھا جو جوانی میں تھا عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو گئے قوم نے ان کی صحت یابی کے لیے بہت دعائیں کیں لیکن ہر انسان کو ایک نا ایک دن ضرور جانا ہے 8جولائی2016 کی درمیانی شب ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی میری نظر ابھی ٹیلی ویثرن کی جانب ہی تھی کہ ایک افسوس ناک بریکنگ نیوز دیکھنے کو ملی کہ ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی یہ اعلان کر رہے ہیں"ایدھی صاحب ہم میں نہیں رہے"یہ وہ لمحہ تھا کہ نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک افسوس کا سماء تھا کچھ کا خیال تھا کہ خبر جھوٹی ہے اور کچھ تو اسے ایک ماننے سے ہی انکاری تھے ایدھی صاحب کی آخری وصیت کے مطابق ان کی آنکھیں عطیہ کر دی گئیں ان کا نماز جنازہ کراچی میں پڑھایا گیا جس میں وزیر اعظم،وزیراعلیٰ،چیف آف آرمی اسٹاف سمیت ملک کی تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں نے شرکت کی عبدالستار ایدھی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا 31مارچ 2017کو ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے 50روپے کا سکہ جاری کیا حکومت پاکستان کی جانب سے زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور گوگل نے بھی ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا عبدالستار ایدھی کی جگہ کوئی اور تو نہیں لے سکتا لیکن امید کی جا سکتی ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کو ان کی اہلیہ بلقیس ایدھی اور بیٹے فیصل ایدھی ہمیشہ ان کے مشن کو جاری رکھیں گے آخر میں ایدھی صاحب کے لیے ایک شعر ہی کہوں گا کہ
داور حشر تجھے میری قسم ۔۔۔تو میرا نامہ اعمال تو دیکھ
تمام عمر میں نے عبادت کی ہے ۔۔۔۔۔میں نے انسانوں سے محبت کی ہے

Mazhar Rasheed
About the Author: Mazhar Rasheed Read More Articles by Mazhar Rasheed: 129 Articles with 119996 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.