برطانوی شاہی خاندان کی ہر دلعزیز اور مشہور و معروف
شہزادی کیٹ مڈلٹن کو ان کے فیشن اور اسٹائل کی بنا پر کون نہیں جانتا ،اور
انہی خوبیوں کی بنا پر وہ دنیا بھر میں مشہور بھی ہیں۔ خوش لباس، دلکش
مسکراہٹ اور پر کشش شخصیت کی مالک برطانوی شہزادی کیتھرین ایلزبیتھ مڈلٹن
المعروف کیٹ مڈلٹن برطانیہ کے رائل برک شائراسپتال میں9جنوری 1982 کوپیدا
ہوئیں۔شہزادہ ولیم سے شادی سے قبل کیٹ مڈلٹن ایک عام لڑکی تھی، مگر شاہی
خاندان کی بہو بننے کے بعد وہ دنیا کی اہم ترین شخصیات میں شامل ہوگئیں۔کیٹ
مڈلٹن نے شاہی خاندان کی ہونہار بہو، ایک والدہ، پیار کرنے والی بیوی اور
عوام سے محبت کرنے والی شہزادی کی ذمہ داریاں گزشتہ چند سال سے اچھی طرح
نبھائیں۔جس کے بعدملکہ برطانیہ الزبیتھ دوئم نے شہزادی مڈلٹن کو ایک اور
ذمہ داری سونپ دی تھی ۔جسے انہوں نے دیر سے مگر خوب نبھائی۔شہزادہ ولیم اور
کیٹ مڈلٹن29 اپریل 2011 کو انتہائی شاندار جشن کے بعد شادی کے بندھن میں
بندھے۔ اور اس طرح کیٹ کا شہزادی بننے کا خواب کو تعبیر مل گئی۔ ولی عہد
شہزادہ چارلس اور آنجہانی لیڈی ڈیانا کے بیٹے شہزادہ ولیم کی کیٹ سے پہلی
ملاقات 2001 میں ہوئی جس کے بعد ان کی دوستی 2003تک محبت میں بدل گئی۔ان
دونوں کی منگنی 20اکتوبر2010کو ہوئی جسکا باقاعدہ اعلان 16 نومبر 2010 کو
کیا گیا۔منگنی کے بعد دو نوں خاندانوں میں دھوم دھام سے شادی کی تیاریوں کا
آغاز کردیا گیا اور ملکہِ برطانیہ الزبتھ دوئم کی جانب سے شادی کا روایتی
رسمی اجازت نامہ جاری ہونے کے بعد 29اپریل کو یہ شاہی شادی انجام
پائی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن کے 700 سالہ پرانے تاریخی چرج ویسٹ منسٹر
ایبے میں شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کی رسومات ادا کی گئی۔ تاریخی
چرچ میں ملکہ برطانیہ الزبتھ ولی عہد شہزادہ چارلس شاہی خاندان کے دیگر
افراد کیٹ مڈلٹن کی والدہ، بھائیوں سمیت تقریباً چھ سو پچاس افراد موجود
تھے جب ملکہ الزبتھ دوم شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن جب اپنے والد کے ہمراہ
چرچ میں داخل ہوئیں تو گھنٹیاں بجا کر استقبال کیا گیا شادی کی آخری رسومات
کے بعد چرچ میں تمام لوگوں نے قومی ترانہ پڑھا اور شہزادہ ولیم نے اپنی
اہلیہ کیٹ کو انگوٹھی پہنائی جس کے بعد شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو ڈیوک
اینڈ ڈچز آف کیمرج کا خطاب دیا گیا۔ویسٹ منسٹر ایبے کے اس تاریخی چرچ میں
سن 1100سے 2011 تک مجموعی طور پر ایک سو پچاس شادیاں ہوچکی ہیں جن میں
شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانہ کی شادی قابل ذکر ہے ، شادی کے موقع پر ملکہ
الزبتھ نے پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا اور شہزادہ ولیم نے آئرش گاڈز
کی یونیفارم پہنچ رکھی تھی جبکہ کیٹ مڈلٹن نے سادہ برٹن نامی ڈیزائنز کا
تیار کردہ سفید رنگ کا عروسی جوڑا پہنا تھا جس کی لاگت 30 ہزار پاؤنڈ تھی
شادی پر آنے والے کل اخراجات کی مالیت34ملین پاؤنڈ تھی ۔شادی کی تقریب کی
تکمیل کے بعد نئے شاہی جوڑے کو جلوس کی شکل میں شاہی محل لے جایا گیا۔ شاہی
جوڑے کو دیکھنے کے لیے اس جلوس کے راستے کے دونوں طرف تقریباً چار ہزار
افراد تقریباً دو دن سے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر
میں کروڑوں افرادنے ٹی وی پر یہ شادی دیکھی، ہزاروں صحافی بھی لندن میں
موجود تھے اور پیلس اور جس راستے سے شاہی جوڑے کا گزر ہوا اس راستے پر بھی
عارضی سٹوڈیو تیار کیے گئے۔ شادی کے دن 5 ہزار اہلکار سکیورٹی آپریشن میں
شریک تھے ۔ اس سکیورٹی آپریشن پر قریباً گیارہ ملین ڈالر خرچ آیا ۔
کینسنگٹن پیلس میں رہائش پذیر اس جوڑے کے یہاں24جولائی 2013 کو بیٹے کی
پیدائش ہوئی جسکا نام پرنس جارج الیگزینڈرلیوئس رکھا گیا۔کیٹ نے کیتھرین
سینٹ میریز ہسپتال کے اسی ’لنڈو ونگ‘ میں اپنی اولاد کو جنم دیاجہاں خود ان
کے شوہر شہزادہ ولیم اور ان کے بھائی شہزادہ ہیری پیدا ہوئے تھے۔جارج کی
پیدائش کے دو سال بعدان کی ننھی شہزادی 2مئی 2015میں پیدا ہوئی جس کا نام
پرنسسز شارلیٹ الزبیتھ ڈیانا رکھا گیا۔واضح رہے کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن شاہی
خاندان کی نامور خاتون لیڈی ڈیانا (یعنی اپنی ساس)کی طرز پر زندگی گزارنے
کی خواہش مند تھیں،اور ان کا یہ خواب پورا بھی ہوا اور کیٹ اپنے دو بچوں
اور شوہر کے ساتھ نہایت خوشگوار زندگی بسر کر رہی ہیں اور اس کے علاوہ
شہزادی مختلف تقریبات میں جلوہ گر ہو تی رہتی ہیں اوراپنے دلکش اسٹائل کی
وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بنی رہتی ہیں۔کیٹ کا گزشتہ تین سال کی
طرح2014 میں بھی خوش لباس شخصیات میں سرفہرست رہنے کا اعزاز برقرار رہا
تھا۔یہی نہیں بلکہ لندن میں اولمپک پارک میں برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے
اونچی ہیل والے جوتے پہن کر والی بال کھیل کر اپنا سپورٹس کے ساتھ لگاؤ
واضح کر دیا، ان کے اسی شوق کے بنا پر ہی ملکہ برطانیہ نے انہیں رائل پیٹرن
کی اضافی ذمہ داری سونپی ہے۔ اس کے علاوہ کیٹ مڈلٹن بھی سیلفی کی بھی شوقین
ہیں۔اس کا اظہار اس وقت ہوا جب وہ ومبلڈن میں سرینا ولیمز کا میچ دیکھنے
آئی ،نا صرف میچ انجوائے کیا بلکہ کیٹ نے اپنی فیورٹ ٹینس اسٹار سیرینا کے
ساتھ ڈھیر ساری سیلفیز بنوائیں۔کیٹ کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ خوش رہتی
ہیں اور خوش کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور بچوں کے ساتھ جلد گھل مل جاتی ہیں ،یہی
وجہ ہے کیٹ مڈلٹن اصلی شہزادیوں کی طرح دنیا بھر میں لوگوں کے دلوں پر راج
کر رہی ہے۔ |