شوگرسے احتیاط…… خوشحال زندگی

 14 نومبر کا دن درحقیقت انسولین ایجاد کرنے والے فریڈرک بینٹنگ کا یوم پیدائش ہے، اسی وجہ سے عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں 14نومبر کا دن ذیابیطس( شوگر) سے آگاہی کے عالمی دن کے طور پر منایاجاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد ذیابیطس (شوگر) کے مرض کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کیلئے دنیا کو متوجہ کرنا اور اس کی علامات ،علاج و پرہیز اور بچاؤ سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ ذیا بیطس جسے عرف عام میں شوگرکہا جاتا ہے، روز بروز بڑھنے والا ایسا مرض ہے جومسلسل لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے ۔ جبکہ عوام میں اس مرض سے متعلق مناسب آگاہی ہونے پر نہ صرف چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ،بلکہ ذیابیطس کے مریض بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے معمول کے مطابق زندگی بسر کرسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 38 کروڑ سے زائد افراد اس خطرناک مرض کا شکار ہیں، اور جاں بحق ہونے والا ہر چھٹافرد ذیابیطس میں مبتلا ہوتا ہے۔ شوگر کی بیماری سے ہردس سیکنڈ میں ایک شخص کی موت واقع ہورہی ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے ہونے والی اسی فیصد اموات کا تعلق غریب اور درمیانی طبقہ سے ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے بھی زیادہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اگر اس مرض سے بچاؤ کے مناسب اقدامات نہ کئے گئے تو دو ہزار تیس تک ذیا بیطس دنیا کی ساتویں بڑی جان لیوا بیماری بن سکتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ذیابیطس کے اسباب موٹاپا، تمباکو نوشی اور ورزش نہ کرنا ہے ، جبکہ ذیا بیطس کا مرض جسم میں انسولین کی مقدارغیر معتدل ہونے سے پیدا ہوتا ہے ۔ درحقیقت انسان جو بھی خوراک کھاتا ہے، اس خوراک کا اکثر حصہ خاص طور پر میٹھی اور نشاستہ دار اشیاء شوگر میں تبدیل ہوتی ہیں، اس شوگر کو گلوکوز کہتے ہیں، اور یہ گلوکوز جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ انسانی جسم میں معدہ سے ذرا نیچے لبلبہ (Pancrea) ہوتاہے، جو انسولین نامی ہارمون پیداکرتا ہے جو گلوکوز کی مقدار کو حدود میں رکھتا ہے، اور ساتھ ہی یہ ممکن بناتا ہے کہ ہمارے عضویات خون کے ذریعے سے گلوکوز حاصل کر سکیں، اگر ایسا نہ ہو تو پھر انسانی جسم میں شامل چربی ہی توانائی کا ذریعہ رہ جاتی ہے۔ انسولین کا انسانی جسم کی نگہداشت میں انتہائی اہم کردار ہے۔ ذیا بیطس کا مرض لاحق ہونے پر بنیادی طور پر یہ ہوتا ہے کہ لبلبہ صحیح کام نہیں کرتا اور ضروری مقدار میں انسولین خارج نہیں ہوتی، یا پھر یہ ہوتا ہے کہ خلیات انسولین کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، دونوں صورتوں میں نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ خون میں گلوکوز کی مقدار توازن میں نہیں رہتی جس کے نتیجے میں تمام عضویات پر برا اثر پڑتا ہے۔ سب سے برا اثر خون کی شریانوں پر ہوتا ہے۔ذیا بیطس کا تا حال کوئی مکمل علاج نہیں ہے۔ یعنی اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے یا پھر اس کے اثرات کو محدود کیا جا سکتا ہے مگر بیماری لاحق ہونے کی صورت میں اس کا مکمل خاتمہ کسی طور سے ممکن نہیں ہوسکاہے۔ اگر مستقبل قریب میں مصنوعی پینکریاز یا لبلبے کی تخلیق کا مرحلہ پوری طرح مکمل ہو جاتا ہے تو اس کے استعمال سے عرف عام میں شوگر کہلانے والے پیچیدہ مرض ذیا بیطس کا شافی علاج ممکن ہو سکے گا۔ بعض طبی ریسرچرز کے مطابق مصنوعی لبلبے کی تخلیق آزمائشی مراحل میں ہے۔

بنیادی طور پر ذیا بیطس کی دو قسمیں ہیں،اول جس میں جسم میں انسولین قطعاً نہیں بنتی، یہ بیماری کبھی بھی نمودار ہو سکتی ہے مگر عموماً بچپن سے ہی لوگ اس کا شکار ہوتے ہیں، اس کا علاج مستقل انسولین لیتے رہنا ہے، مگر ساتھ ہی ساتھ خون میں گلوکوز کی مقدار سے آگاہ رہنا بھی ضروری ہے تاکے انسولین کی صحیح مقدار لی جاسکے۔ کچھ صورتوں میں خون میں گلوکوز کی مقدار بہت زیادہ یا بہت کم ہو سکتی ہے، لہٰذہ محتاط رہنے کی ضرورت رہتی ہے۔ دوسری قسم کی ذیا بیطس میں یہ ہوتا ہے کہ خلیات اور ٹشوز میں انسولین کے ساتھ کام کرنے والے کیمیائی اجزاء صحیح طریقے سے اپنا عمل سرانجام نہیں دے پاتے جس کے نتیجے وہ نظام جس کو انسولین کی آمد کے بعد کام کرنا ہوتا ہے یہ اندازہ نہیں لگا پاتا کہ انسولین کی مقدار کتنی ہے، نتیجے میں جسم کو گلوکوز کی صحیح مقدار حاصل نہیں ہو پاتی، نتیجہ گلوکوز کی زیادتی یا کمی دونوں صورتوں میں نکل سکتا ہے،ذیا بیطس کی یہ قسم زیادہ عام ہے۔ ذیا بیطس کی عمومی علامات میں دھندلا نظر آنا، چکر آنا، مستقل پیاس لگنا، تیزی سے وزن گرنا، بھوک لگتے رہنا، بہت زیادہ پیشاب آنا شامل ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان علامات کا خیال رکھا جاے، ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ذیا بیطس پر نظر رکھی جائے اور وقتاً فوقتاً ذیا بیطس کا ٹیسٹ کروایا جائے۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ذیا بیطس میں ایک وقت وہ ہوتا ہے جس کو قبل از ذیا بیطس کہا جا سکتا ہے۔ یعنی ایسے اثرات کہ جو ذیا بیطس کی طرف لے جا سکتے ہیں، مستقل ٹیسٹ کرواتے رہنے سے اس وقت میں آگاہی حاصل ہو سکتی ہے اور بر وقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

جبکہ چالیس سال سے زیادہ عمر کے خواتین و حضرات کو ذیا بیطس سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وزن زیادہ ہونا، رہن سہن اور اوقات میں ترتیب نہ ہونا، بے ڈھنگی زندگی، واک اور ورزش نہ کرنا یا جسمانی مشقت نہ ہونا، بہت زیادہ مرغن غذا کا استعمال ، بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر، ذیا بیطس کی وجوہات میں سے ہیں، ذیا بیطس موروثی اثرات کی بنا ہ پر بھی ہو سکتی ہے یعنی ماں باپ یا ان کے والدین اگر ذیابیطس کے مریض رہے ہیں تو اگلی نسل میں ذیا بیطس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ذیا بیطس کے اثرات پورے جسم پر پڑتے ہیں اور لمبے عرصے میں خاصی مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جیسے آنکھوں اور بینائی پر اثرات، بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر اور ان کے نتیجے میں دل کی بیماریاں، کھال کی بیماریاں، پورے جسم خصوصاً ٹانگوں پر چوٹوں کا ٹھیک نہ ہونا، گردوں کی بیماریاں، اس کے علاوہ یہ رگوں اور شریانوں پر بھی اثر انداز ہو تا ہے، اور بہت سی جان لیوا بیماریوں کی وجہ بن سکتاہے۔ بظاہر ذیابیطس اور دل کے عوارض دو مختلف چیزیں ہیں، لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ ذیابیطس میں مبتلا افراد کی اکثریت کئی ایک پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتی ہے۔ ان پیچیدگیوں میں امراض قلب سرِ فہرست ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ذیابیطس میں مبتلا افراد میں سے پچاس فیصد کی اموات کاسبب عارضہ قلب ہی ہوتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا شخص عام لوگوں کی نسبت ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے زیادہ خطرات رکھتا ہے۔ اسی طرح ذیابیطس میں مبتلا افراد ذیابیطس کے خراب کنٹرول کے باعث گردوں کی خرابی کی زد میں آجاتے اور اس کے بعد ہائی بلڈ پریشر کے مریض بن جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس دونوں میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، معاملے کا سنگین پہلو یہ ہے کہ جب یہ دونوں بیماریاں مل جائیں تو سخت احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ یہ دونوں امراض، ایک دوسرے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر پر کنٹرول اس اعتبار سے اہم ہے کہ بہت سی صورتوں میں صرف احتیاط ہی سے یہ مرض کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

ذیا بیطس سے بچنے کے لیے ضروری ہے، وزن کو بڑھنے نہ دینا، پوری نیند لینا، دن میں جاگنا رات میں بروقت سونا، غذا میں توازن رکھنا ، سبزیوں کے استعمال سے پروٹین کا مناسب حصول، زیادہ چکنائی اور نشاستہ سے بھری غذاؤں سے اجتناب کرنا۔ گوشت، جمنے والی چکنائیوں، مکھن، بناسپتی گھی اور مارجرین وغیرہ کا استعمال ترک کرنا، کیونکہ ان سے کولیسٹرول کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ بلکہ مناسب یہی ہے کہ مغزیات جیسے مونگ پھلی، زیتون کاتیل، کینولا کا تیل، چکنی یا روغنی مچھلی وغیرہ کھائے جائیں۔ اور خصوصاً روزانہ کم ازکم 30 منٹ کی ورزش کی عادت اپنائی جائے ۔ تمام معا لجین اس بات پر متفق ہیں کہ اگر شوگر کا مریض ورزش کو اپنے معمول کا حصہ بنا لے تو وہ شوگر کے اثرات بد سے محفوظ رہ کر پر لطف زندگی گزار سکتا ہے کیونکہ ورزش سے اس مرض کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے ، اور ورزش بالواسطہ طور پر لبلبے کو تحریک دے کر انسولین کے افراز میں اضافہ کرتی ہے اور انسانی جسم میں انسولین لیول متوازن کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
٭……٭……٭

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 1004 Articles with 817534 views Journalist and Columnist.. View More