کراچی کو ٹائی بریکر اور کوئٹہ کو عمر جاوید کے فیصلہ کن گول کی بدولت 0-1سے شکست کا سامنا
فائنل کی فاتح لیثررلیگس ورلڈ کپ کھیلنے پُرتگال جائیگی‘فائنل میں میاں محمد سومرو مہمان خصوصی ہونگے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پشاور کی شنواری ایف سی نے کراچی کی خیبر مسلم کو مقررہ
وقت میں1-1سے برابر رہا تاہم ٹائی بریکر پر پشاور کی ٹیم نے 3-2کی فیصلہ کن برتری
کے بعد سیون اے سائیڈ لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی
کرلیا۔ریاض احمد، ایریا منیجر کراچی کے مطابق بلوچ مجاہد اسٹیڈیم پر کھیلے جانے
والے دوسرے سیمی فائنل میں فیورٹ کوئٹہ کی شیروف ایف سی کو لاہور کی آئی سی اے
ڈبلیو نے 1-0کی شکست کا داغ لگایا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کے عمر
جاوید نے اسکور کیا۔فائنل میں پشاور کا مقابلہ لاہور سے ہوگا۔ فائنل کی فاتح لیثرر
لیگس ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے پُرتگال کے شہر لسبن کا رخ کرے گی۔فائنل میں سابق
وزیراعظم پاکستان میاں محمد سومرو، نگراں صوبائی وزیر ڈاکٹر سید محمد علی شاہ اور
لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاء اعزازی مہمان ہونگے۔ پشاوراور کراچی کی ٹیموں کے
مابین پہلاسیمی فائنل انتہائی سنسنی خیز رہا۔ 5ویں منٹ میں کراچی کو ریفری جاوید
بنگش نے پنالٹی کک ایوارڈ کرکے پہلے برتری کا موقع فراہم کیا لیکن کپتان نوید خان
کی لگائی گئی پنالٹی کک گول کیپر کے دائیں جانب سائیڈ بار سے ٹکرا کر باہر چلی گئی۔
پہلا دورانیہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔دوسرا ہاف بھی انتہائی دلچسپ رہا۔
23ویں منٹ میں کراچی کے کپتان نوید خان نے خوبصورت گول بنا کر اپنی ٹیم کوپنالٹی کک
ضائع کرنے کے صدمہ سے نکال کر کراچی کو 1-0سے آگے کردیا لیکن فائنل وسل سے ایک منٹ
قبل پشاور کے اسٹار اسٹرائیکرمحمد سلمان خان نے زور دار کک لگا کر حریف گول کیپر کو
کوئی موقع نہ دیا اومقابلہ 1-1سے برابرکرکے میچ کو ٹائی بریکر پر پہنچادیا جہاں
دونوں ٹیموں کو 5,5پنالٹی ککس میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دی گئیں۔ پشاور نے 3بار
گیند کو درست نشانے پر پھینکا جبکہ کراچی کے 2نشانے درست سمت میں گئے۔3-2کی فیصلہ
کن کامیابی کے ساتھ پشاور فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ کرنے میں کامیاب رہی۔ دوسرے
سیمی فائنل میں فیورٹ کوئٹہ بدقست رہی جو لاہور کے کھلاڑیوں کے برق رفتار کھیل اور
مین ٹو مین مارکنگ کے باعث اپنی روایتی کھیل پیش نہ کرسکی اور تیسرے منٹ میں عمر
جاوید کے کئے ہوئے گول کا جواب مقررہ وقت میں دینے میں ناکام رہی اور پشاور کے
ہمراہ فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرلی۔ ریفری جاوید بنگش اور عدنان خان تھے۔