لاہور میں منعقدہ ٹریننگ کیمپ کا دورہ کیا اور پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو سابق قومی کپتان نے ٹپس دیں
پاکستان ٹیم 23ستمبر سے پرتگال میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں افتتاحی روز اسپین کے مدمقابل ہوگی
23ستمبر سے پُرتگال کے شہر لسبن میں کھیلے جوانے والے سوکا ورلڈ کپ کی تیاری کے
سلسلے میں پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ کیلوری گراؤنڈ لاہور میں جاری ہے جہاں
پاکستانی ٹیم سخت ٹریننگ میں مصروف ہے اورپوری طرح پُرعزم ہے کہ سوکا ورلڈ کپ میں
پہلی بار شرکت کرنے والی قومی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی سے دنیائے فٹبال کے ماہرین کو
حیران کرکے یہ ثابت کرے گی کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صرف مواقع ملنے
کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز سابق قومی کپتان اور لیجنڈری فٹبالر عیسیٰ خان جو ان دنوں
لاہور میں ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کی بحیثیت اسسٹنٹ کوچ اپنی ذمہ
داریاں نبھارہے ہیں کیولری گراؤنڈ کا دورہ کیا اور سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں شرکت
کرنے والی قومی ٹیم کو تربیت حاصل کرتے دیکھا۔کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے مختصر خطاب
میں انہوں نے کہا کہ لیثررلیگس پاکستان کا سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو
نمائندگی دلانا انقلابی اقدام ہے ۔ اور پہلی بار پاکستان ٹیم کسی بھی عالمی سطح کے
ایونٹ کا فائنل راؤنڈ کھیلنے جارہی ہے جو لیثررلیگس پاکستان کا ایک ایسا کارنامہ ہے
جسے ہر سطح پر پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔لیجنڈری فٹبالرعیسیٰ خان کا کہناتھا کہ آپ
لوگوں کو جو اعزاز حاصل ہونے جارہا ہے اس کی تمنا ہر فٹبالرکرتا ہے اب آپ پر یہ ذمہ
داری عائد ہوتی ہے کہ اپنی عمدہ کارکردگی سے نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کریں
بلکہ اپنے انتخاب کو بھی درست ثابت کریں۔کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں اور آپ پر
بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ فیلڈ کے اندر اور باہر اپنے اخلاق و کردار سے خود
کو نہ صرف بہترین کھلاڑی ثابت کریں بلکہ پاکستان کا ایک عمدہ تاثر بھی عالمی سطح پر
قائم کریں۔ سابق قومی کپتان سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کیلئے اپنی
نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔پاکستان ٹیم 21ستمبر کو لسبن کیلئے کراچی سے روانہ
ہوگی۔ 32ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کا 23ستمبر سے آغاز ہورہا ہے۔ شریک ٹیموں کو 4,4کے
8گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں رشیا ، اسپین اور مالڈوا کے
ہمراہ رکھا گیا ہے ۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 23ستمبر کو اسپین کے خلاف کھیلے گا جبکہ
25ستمبر کو مالڈوا اور 26ستمبر کو رشیا کے مدمقابل ہوگا۔پاکستان ٹیم کی قیادت آفاق
احمد کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمرجاوید، حیدر علی، سعد علی خان،
زید محمود، عامر اقبال گوندل، عبدالحنان جاوید، زبیح اﷲ وڑائچ ، محمد زبیرعادل (لاہور)،
محمد عالمگیر(پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان اور سمیر احمد (کراچی) شامل ہیں ۔
طارق لطفی کوچ ہونگے۔