ڈی سی کا خط نظرانداز، دادو سیلاب کے شدید خطرے میں

image

ڈپٹی کمشنر دادو کی جانب سے ایک ماہ قبل ایم این وی ڈرین کی خطرناک صورتحال سے خبردار کیے جانے کے باوجود سندھ حکومت نے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے۔

ڈپٹی کمشنر دادو نے 18 جولائی کو چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری آبپاشی اور کمشنر حیدرآباد کو لکھے گئے خط میں ایم این وی ڈرین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر اپ اسٹریم علاقوں، خصوصاً بلوچستان سے سیلابی ریلا آیا تو موجودہ کمزور ڈھانچے کے باعث ایم این وی ڈرین پانی کا دباؤ برداشت کرنے کے قابل نہیں رہے گی جس کے نتیجے میں دادو ضلع سمیت تحصیل ہیڈ کوارٹرز کو بھی شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم این وی ڈرین کے انسپیکشن پاتھ کی حالت نہایت خراب ہے جبکہ نان انسپیکشن پاتھ 2010 اور 2022 کے سیلاب میں مکمل طور پر بہہ چکا تھا لیکن واپڈا نے اب تک اس کی مرمت کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا 2022 کے سیلاب کے دوران ضلعی انتظامیہ نے خود مداخلت کرکے ٹھیکیداروں کے ذریعے بند کو عارضی طور پر مضبوط بنایا اور پانی کو منچھر جھیل کے ذریعے دریائے سندھ میں منتقل کیا تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ ان ٹھیکیداروں کے واجبات آج تک ادا نہیں کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ میں مون سون بارشوں اور ممکنہ شدید سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے لہٰذا اس صورتحال کو کسی بھی طور نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ڈپٹی کمشنر دادو نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایم این وی ڈرین کی سرکاری طور پر ذمہ داری لی جائے، انسپیکشن اور نان انسپیکشن پاتھ کو فوری طور پر مضبوط کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بڑے سانحے سے بچا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US