سوکاورلڈ کپ میں شرکت‘ قومی کھلاڑیوں کا خواب حقیقت بننے جارہا ہے‘ طارق لطفی

image
ٹرنک والا گروپ نے پاکستان کی فٹبال کھیل میں نئی روح پھونک دی ہے‘ کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھائیں گے نوجوان کھلاڑیوں کو یونہی انٹرنیشنل فٹبال کا تجربہ ملتا رہا تو مستقبل میں پاکستان کی فٹبال کونمایاں مقام حاصل ہوگا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آئندہ ماہ پُرتگال کے شہر لسبن میں کھیلا جانے والے سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی شرکت کا خواب ایک حقیقت کاروپ دھارنے جارہا ہے جب 23ستمبرکو قومی ٹیم اسپین کا مقابلہ کرے گی۔لیثرر لیگس قابل ستائش ہے کہ اس نے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل فٹبال کا تجربہ حاصل کرنے کا یقینی موقع فراہم کیا۔ ان خیالات کا اظہار سوکا ورلڈ کپ میں شریک پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ طارق لطفی نے کیا۔پاکستان کے لیجنڈکوچ طارق لطفی جو مین اور وومین کی نیشنل ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں ایک سنگ میل عبور کرنے جارہے ہیں۔لیثررلیگس نے انہیں سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے بحیثیت ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ جو32ٹیموں کے ایونٹ کے گروپ ’بی‘ میں اسپین ، رشیا اور مالڈوا کیخلاف پاکستان ٹیم کومیدان میں اتاریں گے۔طارق لطفی نے لیثررلیگس (پاکستان) کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو اسمال سائیڈڈ فٹبال کا نیٹ ورک جملہ پاکستان میں پھیلارہے ہیں جو ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور ایک مشکل ترین ٹاسک ہے۔طارق لطفی نے مزید کہا کہ ٹرنک والا گروپ جو لیثررلیگس کو پاکستان میں اون کرتا ہے۔گذشتہ سال جولائی میں دنیائے فٹبال کے لیجنڈری فٹبالرز رونالڈینیو اورریان گگس سمیت 7عظیم الشان غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں متعارف کرانے کا اعزاز رکھتا ہے۔پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کا ان عظیم کھلاڑیوں کے ہمراہ 2نمائشی میچز کھینے کا بھی تاریخی موقع حاصل ہوا۔ اب تک پاکستان کے 12شہروں میں اسمال سائیڈڈ فٹبال کو متعارف کرانے کا سہرا بھی لیثررلیگس کے سر جاتا ہے۔سوکا ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی نیشنل چمپئن لاہور کی ٹیم کے متعلق ہیڈ کوچ طارق لطفی کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ٹریننگ کیمپ میں سخت تربیت حاصل کررہی ہے ۔ ذہنی اور فزیکل طورپر بہت فٹ ہے لیکن نوجوان کھلاڑیوں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کرلینا میرے خیال میں مناسب نہ ہوگا۔ تمام کھلاڑی پہلی بار دنیا کی عظیم ٹیموں کے ساتھ مدمقابل ہونگے ۔ ان کی کارکردگی مسلسل انٹرنیشنل میچوں میں حصہ لینے سے بتدریج بہتر ہوگی۔ تاہم مجھے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر زرا شبہ نہیں ہے۔ وہ اپنی کارکردگی سے حیران کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان ٹیم کی قیادت آفاق احمد کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زاہد محمود، عامرم اقبال گوندل، عبدالحنان جاوید، زبیح اﷲ وڑائچ، محمد زبیر عادل (لاہور)محمد عالمگیر (پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی) اور سمیر احمد(اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ اسٹار) پر مشتمل ہے۔ہیڈ کوچ طارق لطفی ہونگے۔
 


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts