ایرانی ہم منصب حسن روحانی کا ترک صدر رجب طیب اردگان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رجب طیب اردگان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے قاسم سلیمانی کی شہادت کے حوالے سے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ جنرل سلیمانی کی مقبولیت کا اندازہ بغداد میں ہونے والے جنازے میں حاضرین کی تعداد سے لگایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ایران کا دورہ کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور زیر غور لائے جائیں گے۔
تاہم علاقائی سکیورٹی اور استحکام پر ترک صدر کا کہنا تھا کہ بیرونی مداخلت اور علاقائی جھگڑوں کے باعث خطے میں امن و استحکام نہیں آسکتا، ہمیں خطے کی سکیورٹی کیلئے خطرہ بننے والے عناصر کو اس کام کی اجازت قطعی نہیں دینی چاہیے۔