ایرانی صدر کے کل دورہ پاکستان کا امکان، استقبال کی تیاریاں جاری

image

ایران کے صدر مسعود پزیشکیان کے متوقع دورۂ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں انتظامی اور سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ ریڈ زون میں استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کل ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ سکتے ہیں۔ اس مختصر مگر اہم دورے کے دوران وہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی روابط، تجارتی تعاون، سرحدی امور اور خطے میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز سمیت متعدد اہم معاملات زیرِ غور آئیں گے۔ دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر اسلام آباد کے حساس علاقے ریڈ زون کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔ اہم شاہراہوں اور سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور ایران کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں، جو دونوں ہمسایہ ممالک کے دوستانہ تعلقات کی علامت سمجھے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب مہمان شخصیت کی آمد کے باعث سیکیورٹی اداروں نے بھی جامع حفاظتی منصوبہ مرتب کر لیا ہے اور دارالحکومت میں غیرمعمولی حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی، جسے ایرانی صدر نے قبول کر لیا تھا۔ اب ان کے متوقع دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US