مری میں ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مال روڈ پر ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران ہل سائیڈ پر قائم دکانیں اور ہوٹل خالی کرا دیے گئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر مری کے مطابق متاثرہ تاجروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کل تک اپنا تمام سامان ہٹا کر جگہ خالی کردیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر جاری آپریشن آئندہ 15 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات پر منصوبے کے لیے 20 کنال اراضی حاصل کی گئی ہے تاکہ مری ڈیولپمنٹ پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔
دوسری جانب متاثرہ تاجروں نے کارروائی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تاحال انہیں کسی قسم کا معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔ مال روڈ پر کئی تاجروں کو دکانیں خالی کرتے ہوئے جذباتی مناظر میں آبدیدہ بھی دیکھا گیا۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدام سے ان کا روزگار متاثر ہوا ہے، لہٰذا انہیں فوری اور مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنا کاروبار کسی دوسری جگہ منتقل کرسکیں۔