ملک بھر میں کورونا وبا کی بگڑتی صورتحال کے باعث اور دن بہ دن مسلسل بڑھتے کیسز کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا چرچا زبان زدِ عام ہے۔
لاک ڈاؤن اس صورتحال میں نافذ کیا جاتا ہے جب ملک یا کسی شہر میں کوئی مصیبت آجائے یا پھر کوئی خطرناک بیماری پھیل جائے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران اکثر عالمی خبروں میں سنا اور دیکھا گیا کہ یہ لاک ڈاؤن کیا ہوتا ہے یا تو اس میں کچھ نرمی کی جاتی ہے یا لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے لیکن پاکستان میں ’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی اصطلاح آج کل بہت زیادہ استعمال کی جارہی ہے۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے اور اس میں کیا کیا جاتا ہے؟
پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی اصطلاح ایسی پالیسیوں کے لئے استعمال کی جارہی ہے کہ جس میں خاص طور پر کورونا وائرس سے متاثر شدہ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر کے وہاں کے لوگوں کی ضروریاتِ زندگی حکومت، پولیس اور رینجرز کی مدد سے پوری کرے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مطلب یہ ہے کہ عوام کورونا کے خلاف ایسی اسمارٹ پالیسیوں پر عمل کرے جس سے ملک کی معیشت بھی رواں دواں رہے اور مزدور طبقے کی مانیٹرنگ بھی ہوسکے تاکہ حالات قابو میں رہ سکیں۔