سال 2024-25 کے دوران ایئرلائنز سے وصول کیے گئے کروڑوں روپے کے ایئرپورٹ ٹیکس قومی خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے 46 کروڑ 87 لاکھ روپے کا ایئرپورٹ ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ رقم سال 2023-24 کے دوران ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے مسافروں سے وصول کی گئی تھی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس بے ضابطگی سے متعلق دسمبر 2024 میں متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کیا گیا تھا، تاہم تاحال رقم جمع نہیں کرائی جا سکی۔ آڈیٹر جنرل نے اس معاملے کو اتھارٹی کے کمزور مالی نظام کی واضح مثال قرار دیا ہے۔
آڈیٹرز کی جانب سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔