اسلام آباد ٹریفک پولیس کی مؤثر انفورسمنٹ، ٹریفک وائلیشن میں نمایاں کمی

image

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی مؤثر انفورسمنٹ اور جامع آگاہی مہمات کے باعث سال 2025 کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں طور پر 45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کی شرح 96 فیصد اور لائسنس ہولڈرز کی شرح 81 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے سال 2025 کی پرفارمنس آڈٹ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے وژن کے تحت شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔ اسی مقصد کے تحت رانگ وے، ریش ڈرائیونگ، کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ، لین وائلیشن، بغیر ہیلمٹ اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس جیسی بڑی خلاف ورزیوں کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا گیا۔

سال 2025 کے دوران 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد انفورسمنٹس کی گئیں، جس کے نتیجے میں ٹریفک حادثات میں 22 فیصد کمی واقع ہوئی۔ لین وائلیشن، موبائل فون کے استعمال، بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ، فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر پچھلے سال کے مقابلے میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

اسلام آباد کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوائنٹس پر 88 ہزار سے زائد شہریوں کو چیک کیا گیا جبکہ 2 ہزار سے زائد روڈ یوزرز کو فوری مدد فراہم کی گئی۔ ایجوکیشن اور آگاہی مہم کے تحت یونیورسٹیوں، کالجوں، اسکولوں اور دیگر اداروں میں 1,250 سے زائد سرگرمیوں کے ذریعے 13 لاکھ سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا گیا۔

ڈرائیونگ لائسنس مہم کے تحت ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، جہاں لائسنس ہولڈرز کی شرح 37 فیصد سے بڑھا کر 81 فیصد تک لائی گئی۔ لائسنسنگ یونٹس کی تعداد 4 سے بڑھا کر 12 کردی گئی، جبکہ سال بھر میں 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں۔

سی ٹی او نے بتایا کہ آئی ٹی پی آفیسرز نے 620 سے زائد ایمرجنسی انخلاء کر کے قیمتی انسانی جانیں بچائیں، جبکہ مختلف قومی و بین الاقوامی ایونٹس اور وی آئی پی موومنٹس کے دوران 2,237 مواقع پر پیشہ ورانہ خدمات انجام دی گئیں۔

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق سال 2026 میں جان لیوا خلاف ورزیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات، ڈیجیٹل ٹریفک پراجیکٹ، ای لائسنسنگ سسٹم اور پارکنگ پلازوں کے قیام جیسے اہم منصوبے زیر عمل ہوں گے۔

آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، کیونکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ایک محفوظ اور مثالی ٹریفک نظام ممکن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US