پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور اس میں ہزاروں حسین مقامات موجود ہیں جن کے بارے میں ہمیں علم بھی نہیں ہے۔ پاکستان میں دنیا کا سب سے بڑا قلعہ موجود ہے آپ جانتے ہیں یہ کونسا ہے اور کہاں ہے؟
اس قلعے کا نام "رنی کوٹ" ہے۔ یہ ضلع جامشورو کے قدیم علاقے سندھ کے شمال مغرب میں واقع ہے جبکہ حیدر آباد سے یہ90کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ قلعہ اس طرح تعمیر کیا گیا ہے کہ ہزاروں سالوں کے موسمی اثرات بھی اس کو ختم نہیں کر پائے۔
رنی کوٹ کس نے بنایا؟
رنی کوٹ کا شمار دنیا کےقدیم ترین مقامات میں ہوتا ہے۔ یہاں سے ڈائناسورز کی باقیات بھی ملی ہیں۔اس قلعے کے بارے میں مختلف باتیں بتائی جاتی ہیں کہ:
٭ میر کرم علی نے 1712ء میں اسے بنایا۔
٭ کچھ تاریخ دانوں کے مطابق540سال قبل مسیح میں ایرانی شہنشاہ سائرس اعظم نے بنوایا تھا۔
٭ اس رنی کوٹ قلعےکو کس نے بنایا تاحال تاریخ دان اور اسکالرز نہیں جان پائے اور نہ قلعے میں ایسی کوئی چیز پائی گئی جس سے اس کی قدامت اور تاریخ کا پتا چل سکے۔ لیکن جانوروں کی باقیات ملنے سے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ پچیس تیس سال پہلے یہاں خطرناک جانور تھے۔
رنی کوٹ کیسا ہے؟
٭ 32 کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا یہ دنیا کا سب سے بڑا قلعہ ہے، اور کراچی سے باراستہ انڈس ہائی وے آپ آسانی سے اس قلعے تک جاسکتے ہیں۔
٭ اس قلعہ کے گرد مشہور کھیرتھر پہاڑی سلسلے میں پتھروں کو تراش کر ایک مضبوط دیوار تعمیر کی گئی ہے، جسے دیوار سندھ بھی کہا جاتا ہے۔
٭ اور اس دیوار کو اس انداز میں بنایا گیا ہے جیسے ایک طویل زینہ ہے، اور بیچ میں ایک دروازہ آتا ہے جسے " سندھ دروازہ" کہا جاتا ہے۔ ایک ایک کرکے سیڑھیاں چڑھتے ہوئے آپ اوپر قلعے میں جاسکتے ہیں۔
٭ قلعے کے اندر ایک اور چھوٹا قلعہ "میری" کے نام سے مشہور ہے اور اس میں بھی چاروں طرف گنبد، مینار، بیٹھنے کے لئے بینچیں اور چاروں طرف میدان بنا ہوا ہے جہاں مور بھی اکثر ناچتے دکھائی دیتے ہیں۔
٭ اور پہاڑوں سے مزید اوپر ایک " شیر گڑھ" کے نام سے چھوٹا سا قلعہ بھی ہے جس کو دیکھنے کے لئے آپ صبح صبح ہی جاسکتے ہیں کیونکہ یہ بہت اونچائی پر ہے۔
٭ یہاں ایک خوبصورت سا تالاب بھی موجود ہے جو " پریوں کے تالاب" کے نام سے مشہور ہے اور یہ بہت کم ہی لوگوں نے دیکھا ہے۔
غرضیکہ رنی کوٹ قدرتی حسن، تالاب، ریت، گھاس پھوس، زرخیز مٹی اور خوبصورت مناظر سے بھرپور ہے۔ سیاح بھی یہاں جاتے ہیں اور کیمرے کی آنکھ میں اس قلعے کو محفوظ کرلیتے ہیں۔