آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان، اسکولز سمیت تمام ادارے بند

image

کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی،مہلک وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر 15 دن کے لئے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع مکمل بند ، نوٹیفیکیشن جاری ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں 15 روز کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے یہ لاک ڈاؤن آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بیک وقت کیا جائے گا ، لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری، اور نجی دفاتر سمیت تمام تعلیمی ادارے ، شاپنگ مالز ، مارکیٹس اور تفریحی مقامات مکمل بند رہیں گے جبکہ لازمی خدمات انجام دینے والے اہم اداروں کو 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایس او پیز کے تحت سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہوگی ۔

شادی بیاہ و دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی، تاہم مذہبی اجتماعات اور نماز جنازہ مکمل ایس او پیز کے تحت کرنے کی اجازت ہوگی ۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہوئی ہے جس کی وجہ سے ایک بار پھر صورتحال کی پیشِ نظر مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کا آغاز کیا جارہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US