کورونا کی دوسری لہر نے تباہی مچانا شروع کردی ، پنجاب حکومت نے 50 فیصد سرکاری ملازمین کو گھر وں سے کام کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی پھیلتی دوسری لہر سے جاری اثرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا ، فیصلے کے مطابق 50 فیصد سرکاری ملازمین اپنے گھروں سے فرائض انجام دیں گے ۔
ذرائع کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کو روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ لاہور ، پنڈی ،فیصل آباد ،اور ملتان میں کورونا کے پھیلاؤ کی شدت سب سے زیادہ ہے تاہم ان شہروں کی مارکیٹس میں ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لئے حکومتِ پنجاب کی جانب سے وزیرِ صنعت کو ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔اور اس سلسلے میں وزیرِصنعت کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیمز مارکیٹس کا خصوصی جائزہ لیں گی ۔
زرائع کے مطابق جہاں سرکاری ملازمین گھروں سے کام کریں گے وہیں صوبے میں سیاسی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ البتہ نجی اداروں سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا کی صورتحال تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے جس کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 34 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 756 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ آج تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق بھی فیصلہ لیا گیا ہے جس کے مطابق ملک کے تعلیمی ادارے 31 جنوری تک بند رہیں گے ۔