پیپلز پارٹی کا 27 دسمبر کو گڑھی خدابخش میں جلسہ کرنے کا اعلان

image

پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر 27 دسمبر کو گڑھی خدابخش بھٹو میں بڑے جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا ہے جس میں بھرپور عوامی پاور شو کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں شکارپور میں امتیاز شیخ کی رہائشگاہ پر پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں برسی اور جلسے کے تمام انتظامات و تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں ایم این ایز، ایم پی ایز سمیت لاڑکانہ ڈویژن اور اضلاع کے پارٹی عہدیداران نے شرکت کی۔

نثار کھوڑو نے اعلان کیا کہ گڑھی خدابخش کے جلسے سے صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی این ایف سی ایوارڈ، صوبائی خودمختاری اور 18ویں ترمیم کا ہر سطح پر دفاع کرے گی اور ان کے خلاف کسی بھی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایف بی آر کی ناکامی کی سزا صوبوں کو نہیں دی جا سکتی اور این ایف سی میں صوبوں کے آئینی حصے میں کسی قسم کی کٹوتی قبول نہیں کی جائے گی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ مضبوط صوبے ہی مضبوط مرکز کی ضمانت ہوتے ہیں، جبکہ سندھ میں کسی نئے صوبے کے قیام کی بات محض سازش ہے جسے مسترد کیا جاتا ہے۔

اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں میں شہید بینظیر بھٹو کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی، صوبائی حقوق اور 18ویں ترمیم کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی قیادت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں اکثریت حاصل کر کے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US