ورلڈ اکنامک فورم کے تحت آج 'پاکستان اسٹریٹجی ڈے' منایا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر سب کی امید عمران خان اور پاکستان اسٹریٹجی ڈے ٹاپ ٹینڈ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب پالیسیوں کے اعتراف میں ورلڈ اکنامک فورم کے تحت آج ’پاکستان اسٹریٹجی ڈے‘ منایا جارہا ہے، دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی بنائی اسٹریٹجی کو دنیا بھر میں پزیرائی ملی ہے، یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی اس عالمی پزیرائی کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔
عمران خان کے حق میں ٹوئٹر پر بے شمار ٹوئٹ کیے جارہے ہیں جس میں ان کی قابلیت اور انہیں پاکستان کی امید قرار دیا جارہا ہے۔
ایسے میں پاکستان تحریکِ انصاف کے آفیشل ٹو ئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ شیئر کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ 'ایک وقت ایسا تھا جب عالمی میڈیا صِرف پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے خبریں دیا کرتا تھا' عمران خان نے دنیا بھر میں پاکستان کی بہترین رونمائی کی ہے اور اسی لیے وزیرِاعظم پاکستان کی اسٹریجٹی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان “پاکستان اسٹریٹجی ڈے”کی تقریب سے خطاب کریں گے، جس میں وہ کورونا پر قابو پانے کی اسٹریٹیجی کے بارے بریفنگ دیں گے، معیشت سمیت دیگر اہم نکات جبکہ تعمیراتی صنعت سمیت 1200 ارب روپے کورونا ریلیف پیکج پر روشنی بھی ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم پاکستان عمران خان نے اپنی حکمتِ عملی سے عالمی دنیا میں پاکستان کا چہرہ روشن کیا ہے اسی اعزاز میں ورلڈ اکنامک فورم پاکستان کے لیے دن بھر تقاریب منعقد کرے گا، جس میں دنیا بھر کے بڑے سرمایہ کار، صنعتکار اور بزنس مین شریک ہوں گے۔