رواں سال 2020 اختتام کو ہے اور جاتے جاتے یہ سال ہمیں بہت کچھ دے گیا کچھ اچھی تو کچھ بُری یادیں مگر اس سال میں کچھ ایسے واقعات بھی ہیں جنہوں نے دنیا کو رُلا دیا۔ آپ بھی جانیئے ان کے بارے میں:
٭ کورونا وائرس:
سب سے زیادہ زندگیاں کھانے والا کورونا وائرس سے صرف ایک دو ممالک نہیں پوری دنیا یکسر زد میں آئی ہوئی ہے اور لاکھوں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ نہ جانے یہ وائرس کب دنیا سے ختم ہوگا اور خوشحالی آئے گی۔
٭ کشمیریوں کے ساتھ مظالم:
کشمیریوں کے ساتھ بھارت کی جانب سے کئے جانے والے تمام تر مظالم کل بھی لوگوں کو یاد تھے اور آج بھی یاد ہیں۔ سب سے زیادہ وہ معصوم کشمیری بچہ جس کے سامنے اس کے نانا کو بندوق کی گولیوں سے مارا جا رہا تھا اور بچہ معصومیت سے سب کچھ دیکھتے ہوئے کہہ رہا تھا میرے نانا کو مت مارو بچا لو ہمیں۔
٭ موٹر وے زیادتی کیس:
سیالکوٹ موٹر وے پر بچوں کے سامنے ماں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اس واقعے کی پر زور الفاظ میں مزمت کی گئی، اس واقعے سے لوگوں کے دلوں کو خوب ٹھیس پہنچی۔
٭ پی آئی اے طیارہ حادثہ:
پاکستان میں پی آئی اے طیارہ حادثہ عید سے بالکل ایک دن قبل ہوا جس میں معجزاتی طور پر 2 لوگ زندہ بچ گئے اور پائلیٹ سمیت 102 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے، یہ انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ تھا جس پر سب ہی اشکبار ہیں۔
٭ ٹڈی دل:
ٹڈی دل نے بھارت اور پاکستان میں میلوں مربعہ پھیلی ہوئی فصلوں کو تباہ کرکے رکھ دیا، ایک طرف جہاں جانوں کا ضیاع ہے وہیں خوراک کی حد درجہ قلت بھی بڑھ گئی۔
٭ امریکہ میں سیاہ فام کے لئے احتجاج:
امریکہ میں جہاں سیاہ فاموں کو ایک لعنت سمجھا جاتا تھا وہیں "جارج فلائیڈ" نامی شخص کی موت کے بعد امریکہ سمیت دنیا بھر میں نسلی امتیاز کے خلاف مظاہرے اور سیاہ فاموں کے حقوق کے لئے آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئیں۔
٭ آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ:
آسٹریلیا کے جنوب مشرق میں موجود دنیا کے سب سے بڑے جنگلات میں اس قدر شدت کی آگ بھڑکی جس سے جنگلات اور جانوروں کو شدید نقصان پہنچا، 5،900 سے زیادہ عمارتیں تباہ ہوئیں اور کم از کم 34 افراد ہلاک ہوگئے۔
٭ یوکرین جیٹ طیارہ حادثہ:
ایران کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے سے ہلاکت کے بعد ایرانی فوج نے یوکرین کے جیٹ لائنر پر حملہ کرکے مار گرایا جس میں سوار 176 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ عراق میں امریکی فوجیوں کی بیس پر بیلسٹک میزائل کے حملے کے چند گھنٹے بعد ہی اس طیارے کو بھی مار دیا تھا جو کہ ایک انتقامی کاروائی کے طور پر کیا گیا۔
٭ انڈونیشیا میں سیلاب:
انڈونیشیا میں خطرناک سیلاب کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک اور 400،000 کے قریب افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ ملک کے کم از کم 182 علا قے زیر آب آگئے اور قیامت خیز مناظر دیکھے گئے۔
٭ دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات:
دہلی میں ہندو مسلم فسادات شدت اختیار کرگئے جس کے نتیجے میں 56 مسلمانوں کو قتل کردیا گیا اور مسلمانوں کو گھروں سے نکال کر مارا گیا۔
٭ تال آتش فشاں پہاڑ:
فلپائن کے شہر منیالا میں اچانک آتش فشاں لاوا اُبل گیا تھا جس میں آگ اس طرح بھڑکی جیسے دوزخ کا منظر دکھائی دینے لگا ہو، گرمی کی شدت سے ہزاروں لوگوں کا دم گھٹنے لگا تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔