شدید دھند کے باعث حادثات سے بچنے کے لئے کون کون سے موٹر وے بند کر دئیے گئے؟

image

پنجاب میں شدید دھند، حادثات سے بچنے کے لئے چار موٹر ویز بند کر دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ميدانی علاقوں ميں شديد دھند کے باعث حادثات سے بچنے کے ليے چار موٹر ويز بند کر دی گئيں ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور گرد و نواح میں دھند اور سردی کی شدّت آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

اس حوالے سے ترجمان پنجاب موٹر وے پولیس سيد عمران احمد کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو شیخوپورہ سے پنڈی بھٹیاں تک، موٹر وے ايم تھری لاہور سے عبد الحکیم تک، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ تک بند کی گئی ہے، ساتھ ہی خانیوال سے ملتان موٹر وے بھی بند کر دی گئی ہے جبکہ ملتان سکھر موٹر وے ایم فائیو ملتان سے جھانگڑا تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر بھی حد نگاہ صفر ہے تاہم شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں ورنہ حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔

ترجمان موٹر ویز نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے شہری غیر ضروری سفر نہ کریں تاہم اگر سفر بے حد ضروری ہو تو آگے اور پیچھے کی فوگ لائٹس استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ بھی اختیار کریں۔

واضح رہے کہ سرحدی علاقہ نارووال بھی شديد دھند کی لپيٹ ميں ہے تاہم ناروال سے دیگر علاقوں تک آمد و رفت معطل ہو گئی ہے، کرتار پور، احمد آباد، بدومہلی اور ظفروال سمیت دیگر علاقوں میں حد نگاہ صفر ہونے سے لاہور روڈ، مرید کے روڈ، پسرور روڈ اور شکر گڑھ روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور گرد و نواح میں بارشوں کے بعد دھند مزید چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US