امریکہ کے کرین ڈرائیور نے ہوائی جہاز اُڑانے کا شوق عجیب طرح سے پورا کر لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے 'اوپالوکا ایگزیکٹو ایئر پورٹ' پر ایک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کرین ڈرائیور نے اپنا جہاز اُڑانے کا شوق کچھ اس طرح پورا کیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے، کھدائی کرنے والی اور بھاری سامان اُٹھانے والی کرین کے ڈرائیور نے نا قابلِ یقین طریقے سے جہاز کو اُڑایا۔
تاہم ایئر پورٹ پر تعینات ایوی ایشن انڈسٹری کے ایک ورکر نے اس منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی، جو لوگوں نے پسند کی اور تیزی وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کرین ڈرائیور نے طیارے کو کرین کے پنجے میں چکڑ کر ہوا میں اس طرح گھمایا جیسے جہاز کو اڑا رہا ہو، کرین ڈرائیور کو اس عمل میں اتنا مزا آیا کہ وہ بار بار جہاز کو ہوا میں گھماتا رہا۔
جب واقعہ سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں تو معلوم ہوا کہ یہ چھوٹا جہاز نا کارہ ہو گیا تھا اور انتظامیہ نے اسے تباہ کرنے کا حکم دے رکھا تھا، ایسے میں کرین ڈرائیور نے سوچا کہ کیوں نہ آخری مرتبہ اس کی اڑان کا لطف ہی اُٹھا لیا جائے۔
امریکی شہر میامی کے ائیر پورٹ ایوی ایشن کے ورکر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ آپ کی روز مرّہ کی فلائٹ نہیں ہے، بلکہ کوئی ایسا ہے جو اس کام سے بے حد مزا لے رہا ہے'۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر لوگ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'ہم بڑے نہیں ہوئے بس ہم نے تو بس بڑے اور بہتر کھلونوں سے کھیلنا شروع کر دیا ہے'۔