وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو فوری سپریم کورٹ پیش ہونے کا حکم، وجہ کیا ہے؟

image

وزیرِ اعلیٰ سندھ کو سپریم کورٹ پیش ہونے کا حکم، سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی میں تجاوزات سے متعلق رپورٹ نہ پیش کرنے پر کمشنر کراچی نوید احمد شیخ پر شدید برہم۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی کراچی رجسٹری نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو فوری پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے، سپریم کورٹ نے شہرِ قائد میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران رپورٹ نہ پیش کرنے پر کمشنر کراچی نوید احمد شیخ پر بھی شدید اظہارِ برہمی کیا اور ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ کو کورٹ میں طلب کر لیا۔

کراچی تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کمشنر کراچی نوید احمد شیخ سے کہا کہ 'اب آپ پر چارج فریم کر کے آپ کو جیل بھیج دیں گے، آپ کو پتہ ہی نہیں کراچی کے مسائل کیا ہیں'۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا کہ بتائیں عدالتی احکامات پر کتنا عمل درآمد ہوا اور کراچی میں اب تجاوزات کی کیا صورتحال ہے؟

جواب میں کمشنر کراچی نے کہا کہ 'میری ابھی تعیناتی ہوئی ہے'۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کو تیاری کر کے آنا چاہیئے تھا، ان لوگوں کو پتہ نہیں کیوں ہمارے سامنے پیش ہونے کے لیے بھیج دیتے ہیں، ان کو کیا معلوم کہ شہر والوں کی کیا ضروریات ہیں؟۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے کمشنر کراچی سے پھر سوال کیا کہ آپ نے مئی 2019ء کا آرڈر پڑھا ہے؟

کمشنر کراچی نے جواب دیا کہ 'متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی تھیں'۔

چیف جسٹس نے وزیرِ اعلی سندھ کو عدالت میں طلب کر لیا، اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو کہا کہ 'انہوں نے آگے کسی اور کو کہہ دیا ہو گا، شہر میں بتائیں کیا کام ہوا؟ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بلا لیں، ان سے پوچھ لیتے ہیں'۔

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا کہ 'کمشنر کراچی کو کیا معلوم ہو گا آپ دو دو مہینے کیلئے کمشنر لگاتے ہیں، اب ہمیں وزیرِ اعلیٰ بتائیں گے کہ کتنا عمل ہوا یہ بیچارے افسران کیا بتائیں گے؟ ان کو تو خود کچھ معلوم نہیں کراچی میں کیا ہو رہا ہے، کیا ضروریات ہوتی ہیں؟

چیف جسٹس گلزار احمد نے کراچی سے تجاوزات ہٹانے سے متعلق رپورٹ پیش نہ کرنے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو فوری طلب کر لیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US