عالمی وبا کورونا وائرس ایک ''ویک اپ کال'' ہے، ڈبلیو ایچ او نے دنیا کو خبردار کر دیا۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے عہدیداروں کی جانب سے سال 2020 کی آخری پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تاہم اس پریس کانفرنس میں ڈبلیو ایچ او کے عہدیداروں نے کورونا وائرس کو ’ویک اپ کال‘ قرار دے دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں اس سے زیادہ مہلک انفیکشنز پیدا ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور سیکھ بھی رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے کہا کہ کورونا وائرس ختم ہو جانے سے مشکلات ختم نہیں ہوں گی، انہوں نے دنیا کو پیغام دیا کہ کورونا انسانوں کے لئے ایک ویک اپ کال ہے اس سے نمٹنے کے بعد کس طرح کے اور کون سے وبائی امراض دنیا پھر میں پھیلیں گے اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ڈبلیو ایچ او حکام نے کہا کہ مختلف اقدامات کے ذریعے کورونا وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے، عہدیداروں نےعزم کیا
کہ وہ ِمل کر کام کریں گے اور کورونا وائرس کو شکست بھی دیں گے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر متعدد ممالک کو شدید متاثر کر رہی ہے تاہم اب کورونا وائرس نے نئی شکل بھی اختیار کر لی ہے جو کہ کورونا سے زیادہ تیزی سے پھیل سکتی ہے۔