بھارت میں ایک اور پُر اسرار بیماری پھیل گئی، ہزاروں بطخیں ہلاک۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں 20 ہزار بطخوں کی پُر اسرار موت ہوئی ہے جس کی وجہ سے کسان بے حد پریشان ہیں اور علاقہ مکین خوف کا شکار ہو گئے ہیں، گزشتہ چند روز کے دوران بیس ہزار سے زائد بطخوں کی پُر اسرار موت نے کیرالہ کی مقامی حکومت کو بھی تشویش میں ڈال دیا ہے۔
کیرالہ کی مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بطخوں کی موت نے لوگوں کو دہشت میں مبتلا کر دیا ہے تاہم مائیکرو وائیرو لوجی ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق اب تک کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آسکی ہے کہ بطخوں کی موت صرف برڈ فلو سے نہیں ہوئی ہے، تاہم مائیکرو وائیرو لوجی ڈپارٹمنٹ بطخوں کی اموات کا سبب کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کسانوں نے اپنے طور پر بطخوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے، انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مری ہوئی بطخوں کو سرِ عام نہ پھینکیں بلکہ انہیں متعلقہ مراکز تک پہنچائیں تا کہ یہ وباء مزید نہ پھیل سکے اور اس کی وجوہات پر تحقیقات بھی کی جا سکے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بطخ پالنے والے کسان اس بات پر پریشان ہیں کہ کہیں یہ ہلاکتیں کورونا جیسی کسی خطر ناک بیماری کی وجہ سے تو نہیں ہو رہی جو کہ بطخوں کے زریعے انسانوں میں بھی پھیل جائے۔
واضح رہے کہ کیرالہ حکومت نے مقامی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر گہری نظر رکھے اور کسانوں کی ہر ممکن مدد کر کے جلد از جلد بطخوں کی پُر اسرار موت کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات مکمل کروائیں۔