کراچی کے کون کون سے علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا اس بار لاک ڈاؤن کس قدر سخت ہو گا؟

image

شہر قائد کے ضلع وسطی میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا، مقامی انتظامیہ نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 30 دسمبر کی رات 12 بجے سے 13 جنوری تک کے لئے نافذ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جس کا اطلاق 30 دسمبر کی رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے جبکہ یہ 13 جنوری 2021 رات 12 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے ضلع وسطی کے تین سب ڈویژنز کے 17 مختلف علاقوں گلبرگ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کی 12 یوسیز میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن جن علاقوں میں لگایا گیا ہے اُن میں عزیز آباد، علی آباد، کریم آباد، یاسین آباد، دستگیر، ناظم آباد، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم، شادمان ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور فردوس کالونی شامل ہیں جبکہ ضلع وسطی کے 17 علاقوں میں مخصوص گھروں کو سیل بھی کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں میں گھر میں کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم ان علاقوں میں رہائشی افراد سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو ٹھوس وجہ بتانے پر ہی جانے دیا جائے گا۔

لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا مذکورہ علاقوں میں شہریوں کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد ہوگی جبکہ ہر گھر سے صرف ایک شخص کو کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری کے لئے باہر جانے کی مشروط اجازت دی جائے گی، باہر جانے والے شخص کو اپنا شناختی کارڈ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دکھانا ہوگا۔

جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے ان میں کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کو مخصوص اوقات تک کھلا رکھا جاسکے گا تاہم تمام دیگر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رکھنے کا حکم ہے۔

کورونا کی دوسری لہر کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن میں اس مرتبہ رسٹورینٹس کو ٹیک آوے اور ہوم ڈلیوری کی بھی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروسز کو بھی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والی گلیوں اور علاقوں میں حکومت ضرورت مند افراد کو راشن بھی فراہم کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US