حج واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نظام متعارف، ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے ادائیگی ممکن ہوگی

image

وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ مذہبی امور نے حج واجبات کی آن لائن ادائیگی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام تیار کرلیا ہے، جس کے تحت عازمین اب ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی ادائیگیاں کرسکیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج کے پورے عمل کو رجسٹریشن سے لے کر واجبات کی ادائیگی تک ڈیجیٹل بنایا گیا ہے، جس سے درخواست گزاروں کو شفاف، آسان اور تیز رفتار سہولیات میسر آئیں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی آن لائن حج رجسٹریشن اور حج واجبات کی ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق آن لائن حج پورٹل پر رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جو اس نظام پر عوام کے اعتماد اور اس کی کامیابی کی عکاس ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شفافیت اور سہولت کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US