آئی ایم ایف کی شرط پر ایف بی آر کا نیا فیصلہ، سرکاری افسران کا ریکارڈ ویب سائٹ پر آئے گا

image

آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گریڈ 17 سے 22 کے سرکاری افسران کے اثاثہ جات تک بینکوں کی رسائی سے متعلق اعداد و شمار اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے بینکوں کو ایک مخصوص ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے سرکاری افسران کے اثاثوں کے گوشواروں تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے بینچ مارک کی شق 38(ایف) کے تحت ایف بی آر کو جون 2026 تک اس سہولت سے متعلق اعداد و شمار اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنا لازم قرار دیا گیا ہے، تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے اور بینکوں میں اس نظام کے حوالے سے آگاہی پیدا ہو۔

ایف بی آر کے مطابق دسمبر 2025 سے مئی 2026 کے دوران بینکوں کی جانب سے مجموعی طور پر 2 ہزار 628 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 2 ہزار 205 کو منظور جبکہ 423 درخواستوں کو مسترد کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بینکوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور ان پر کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی، تاہم یہ اقدام اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق قانونی تقاضوں اور بین الاقوامی معیارات کے تحت کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US