لاہور میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن

image

لاہور شہر میں کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ پرمٹ گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق 16 سے 18 سال کی عمر کے ایسے نوجوان جو بغیر لائسنس یا پرمٹ موٹرسائیکل یا گاڑی چلاتے ہوئے پائے جائیں گے، ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور گاڑیاں و موٹرسائیکلیں تحویل میں لے لی جائیں گی۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ کم عمر موٹرسائیکل سواروں کی گاڑیاں اس وقت تک واپس نہیں کی جائیں گی جب تک وہ باقاعدہ ڈرائیونگ پرمٹ حاصل نہیں کر لیتے جبکہ کم عمر کار ڈرائیورز کی گاڑیاں والدین کی جانب سے شورٹی بانڈ جمع کرانے کے بعد ہی ریلیز کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے لاہور میں 13 مختلف مقامات پر ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کی سہولت فراہم کی گئی ہے، تاکہ نوجوان آسانی سے لائسنس حاصل کر سکیں۔

سی ٹی او لاہور نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 16 سے 18 سال کے بچوں کے ڈرائیونگ پرمٹ لازمی بنوائیں اور انہیں ٹریفک قوانین کی پابندی کا پابند کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر پرمٹ کم عمر افراد کی ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US