کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر اور بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ کے وزیر تعلیم نے بیان جاری کیا کہ چار جنوری سے مخصوص علاقوں میں اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔
برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیر تعلیم گیون ولیمسن نے اسکول کھلنے کی تفصیلات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔
گیون ولیمسن نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے ٹیر فور علاقوں میں قائم اسکول چار جنوری سے نہیں کھولے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکنڈری اسکولز کی مخصوص شاخوں کے علاوہ اکثریت کو چار جنوری سے نہیں کھولا جائے گا۔
گیون ولیمسن کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے وقت پر کھلنا بہت زیادہ مشکل ہے، آئندہ چند روز میں صورتحال کا مزید جائزہ لینے کے بعد اسکول کھولنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی کورونا کیسز میں ایک دم اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ بچے گھروں میں رہ کر محفوظ ہیں، حالات بہتر ہوتے ہی تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ طبی ماہرین دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ یہ لہر بہت زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔