میرے والدین معذور ہیں اور ہم 5 بھائی بہن ہیں ۔۔۔ رات کو ماں کے ہاتھ کا پکا کھانا فروخت کرنے اور گھر والوں کا پیٹ پالنے والے 13 سالہ بچے کی داستان

image

بلاشبہ محنت میں عظمت ہے اور محنت سے روزی روٹی کمانے والے کسی کے محتاج نہیں ہوتے اور ایسے لوگ ہی آگے چل کر مستقبل میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔

ایک ایسی ہی بے مثال اور محنت کش بچے کی کہانی آج ہماری ویب کی جانب سے صارفین کے لیے پیش کی جار ہی ہے جو ایک سبق آموز چیز بھی ہے۔ مذکورہ بچے کی عمر 13 برس ہے جو پورا دن کپڑے کی دوکان پر ملازمت کرتا ہے اور پھر رات میں اپنی والدہ کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا سائیکل پر فروخت کرنے نکل جاتا ہے۔

13 سالہ بچے کا نام عبدالوارث ہے جو ڈائلاگ پاکستان کو اپنی دلچسپ کہانی سناتے ہوئے کہتا ہے کہ اس کے والدین معذور ہیں اور زیادہ عمر ہونے کے باعث چہل قدمی کرنے سے قاصر ہیں اور وہ گھر میں ہی رہتے ہیں۔ عبدالوارث نے بتایا کہ ہم 5 بہن بھائی ہیں جن میں میں سب سے بڑا ہوں۔ محنت کش عبدالوارث کا کہنا تھا کہ میں کھانا بیچنے کا کام تقریباً ڈھائی ماہ سے کر رہا ہوں۔

نوجوان نے بتایا کہ جب سے اس کے والد چلنے پھرنے سے قاصر ہوئے تب سے گھر والوں کا پیٹ پالنے کی ذمہ داری اس نے لی ہے۔

عبدالوارث کا کہنا ہے کہ وہ دن کے وقت ایک مارکیٹ میں کپڑے کی دوکان پر کام کرتا ہے، اس کا کہنا تھا کہ میں صبح 10 بجے دوکان پر چلاجاتاہوں اور رات کو 8 بجے میری واپسی ہوتی ہے اور 9 بجے میں کھانا فروخت کرنے کے لیے یہاں آجاتا ہوں۔ وارث نے بتایا کہ کھانا گھر پر میری والدہ تیار کرتی ہیں اور پھر رات ڈھائی بجے میں واپس گھر روانہ ہوجاتا ہوں۔ اس نے بتایا کہ میں 7 برس کی عمر سے کپڑے کی دوکان پر کام کررہا ہوں۔

باہمت عبدالوارث نے مزید بتایا کہ وہ کھانے میں ڈونٹس ، پیزا، گلاب جامن اور میکرونی فروخت کرتا ہے اور اس کام کا آغاز اس نے سب سے پہلے چائے بیچنے سے کیا۔

وارث نے بتایا کہ میں ایک بڑے سائز کا ڈونٹس کا باکس 150 روپے میں فروخت کرتا ہوں جس کے اندر تین ڈونٹس ہوتے ہیں جبکہ سنگل ڈونٹ والا باکس 50 روپے میں فروخت کرتا ہوں ، اس کے علاوہ گلاب جامن کا ایک ڈبا 70 روپے میں فروخت کرتا ہوں جس میں 7 گلاب جامن شامل ہوتے ہیں۔ عبدالوارث کراچی کے علاقے پاپوش میں مشہور پشاوری سوپ ہاؤس کے آگے کھانے کے آئٹمس بیچنے کرنے کا کام سرانجام دے رہا ہے۔

کہانی کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ 13 سالہ لڑکا عبدالوارث اپنی سائیکل پر کھانے کی اشیاء پہنچاتا ہے۔ اس نے بتایا کہ یہ سائیکل میں نے بہت پرانی اور کباڑ سے خریدی تھی اور اس پر خرچہ کر کے درست حالت کی۔

عبدل روزانہ اپنے اہل خانہ کی اچھی زندگی کے حصول کا خواب دیکھتا ہے اور اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے اچھے مستقبل کے لیے بہتر تعلیم دلوانے کا خواہش مند بھی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US