پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ نادیہ جمیل کچھ عرصہ قبل بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی مگر اس قدر ہمت سے اس بیماری کا سامنا کیا کہ دوسروں کے لئے مثال بن گئی ہیں۔
نادیہ نے چند روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شئیر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نادیہ بہت خوشی سے گاڑی ڈرائیو کر رہی ہیں، نادیہ نے اس ویڈیو کے کیپشن میں اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ڈھائی سال بعد لاہور کی سڑکوں پر گاڑی چلا کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو بتایا کہ انہیں اونچائی اور تیز رفتار دونوں سے ہی ڈر سا لگتا ہے مگر اتنے عرصے بعد کینسر سے لڑ کر اور صحتیاب ہو کر لاہور کی ان سڑکوں پر گاڑی چلا کر وہ بہت اچھا محسوس کر رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے ڈاکٹر کے پاس سے واپس آ رہی ہیں جنہوں نے آج نادیہ کو یہ بتایا اور سمجھایا ہے کہ ان کی صحت کے لئے کون سی غذائیں فائدے مند اور کون سی نقصان دہ ہیں۔
ان کے ڈاکٹر نے انہیں تمام میٹھی چیزیں اور دودھ والی چیزیں منع کی ہیں جبکہ صرف دہی کھانے کی اجازت دی ہے بیکری کی چیزیں اور پروسیسڈ فوڈ سے منع کیا ہے اور صرف دیسی گھی، مکھن یا پھر زیتون کے تیل میں پکے ہوئے کھانے استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
باہمت اداکارہ نے بہت بہادری سے کینسر جیسے موذی مرض سے خود کو بچایا ہے اور اس جان لیوا بیماری کو شکست دے کر خود کو پھر سے معمولاتِ زندگی میں مصروف کیا، وہ روزانہ وزرش بھی کرتی ہیں اور اپنی غذائی ماہر ڈاکٹر کی ہدایت کردہ غذاؤں کا استعمال کرتی ہیں جس کی وجہ سے وہ آج پھر سے زندگی کی طرف واپس لوٹ سکیں ہیں۔
اداکارہ نادیہ جمیل کینسر کا شکار ہونے والی خواتین کے لئے ایک مثال ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی سے تمام خواتین کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ کس طرح زندہ دلی سے اس بیماری کا مقابلہ کر کے خود کو پھر سے صحتیاب کر سکتی ہیں۔