کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا، محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر اسکولز نہ کھولنے کی تجویز دے دی گئی تھی لیکن اب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے مزید ایک ہفتے کے لیے اسکولز نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں 23 اگست سے تمام کلاسز کا تدریسی عمل بحال نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا، محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کورونا کیسز میں اضافے کا الرٹ جاری کیا گیا تھا، تاہم اب سے کچھ دیر قبل سید مراد علی شاہ کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھ کر اسکول نہیں کھول سکتے۔
وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کی زير صدارت منگل کو ہونے والے اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں نجی وسرکاری تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی تھی۔ محکمہ تعلیم نے محکمہ صحت سے موجودہ صورتحال پر مشاورت کی تھی اور کرونا کیسز کی شرح دیکھ کرہی پیر سے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔