پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے مالک اور معروف سرمایہ کار عارف حبیب نے پاکستان کی بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی اعلیٰ انتظامیہ سے اہم ملاقات کی۔
عارف حبیب نے سمندری وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لیے ممکنہ سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں عارف حبیب نے پی آئی اے کی بحالی کا روڈ میپ بھی پیش کیا جس کے تحت ستمبر 2026 تک پی آئی اے کے تمام 44 طیارے فعال ہو جائیں گے جبکہ اس وقت صرف 17 طیارے آپریشنل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے لیے 125 ارب روپے کی مجموعی سرمایہ کاری کی جائے گی جو مکمل طور پر نئے انجنوں کی خریداری اور توسیعی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ عارف حبیب نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تمام مستقبل کی بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی اور مزید ماہرین کو ادارے میں شامل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی این ایس سی نے اپنے بیڑے کو 10 جہازوں سے بڑھا کر 40 جہازوں تک لے جانے اور سالانہ 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے ہدف کا بھی اعادہ کیا۔