وفاقی حکومت نے ملک بھر کے لیے سال 2026 کے دوران بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کسی قسم کی کمی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پاور ڈویژن حکام کے مطابق سال 2026 کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سال 2026 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 62 پیسے کمی کی منظوری دے کر وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی۔ تاہم حکومت نے اس سفارش پر عمل درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ مالی اور معاشی حالات کے پیش نظر بنیادی ٹیرف برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دیگر آپشنز پر غور جاری ہے۔