ہر گھر میں پرانی سنگھار میز یا اسٹڈی ٹیبل موجود ہوتی ہے جس کے اندر لگے دراز بھی پرانے ہوجاتے ہیں۔ لوگ سوچتے ہیں پرانے فرنیچر کو مرمت کروا کے کیا فائدہ اور نیا فرنیچر لینے کے لئے انھیں اکثر پھینک دیتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں آپ کو کچھ ایسے طریقے بتائے جائیں گے جن سے آپ پرانے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار درازوں کو گھر کے مختلف حصوں کی سجاوٹ میں استعمال کرسکتے ہیں۔
پودے اگانے کے لئے
پرانی درازوں میں مٹی بھر کر ان میں مختلف پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ اگر گھر کے اندر ہرا بھرا کارنر بنانا چاہتے ہیں تو درازوں میں مختلف چھوٹے چھوٹے کیکٹس لگالیں۔ ایپ بہترین آئیڈیا یہ ہے کہ کچن کارنر پر ان درازوں کو رکھ کر ان میں دھنیا پودینہ وغیرہ اگائیں۔
باورچی خانے کا نیا شیلف
ہر باورچی خانے میں ایسی ڈشز ہوتی ضرور ہوتی ہیں جو کسی کیبنٹ میں پوری نہیں سماتیں اگر پرانے دراز کو پینٹ کرکے اسٹوریج کےلئے رکھ دیا جائے تو یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ باورچی خانے میں مصالحوں کے چھوٹے بڑے ڈبے بھی ان درازوں میں رکھے جاسکتے ہیں۔
پالتو جانور کا بیڈ
گھر میں کوئی پالتو جانور جیسے کہ کتا یا بلی موجود ہے تو اس کے لئے بستر کا اہتمام کرنے کے لئے بھی ان درازوں کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ بس دراز کے اوپر نرم گدا بچھا دیں۔ ہوگیا بیڈ تیار۔
آرٹ ورک ہولڈر
پرانے دراز کو کسی شوخ رنگ میں پینٹ کرکے دیوار پر لگائیں اور اس کے اندر پینٹنگ یا مختلف شو پیسز رکھیں۔ گھر والوں کی تصویر بھی لگائی جاسکتی ہیں اس طرح ایک خوبصورت اور منفرد آرٹ ورک ہولڈر تیار ہوجائے گا جو آپ کی جیب کو بھاری بھی نہیں پڑے گا۔
بک شیلف
پرانے درازوں کو کھڑا کرکے دیواروں پر کیل کی مدد سے فٹ کیا جائے تو یہ کتابوں کی الماری کا خرچہ بچا سکتے ہیں اس کے علاوہ یہ درازیں کچن میں میگزین ریک یا باتھ روم میں شیمپو وغیرہ رکھنے کے لئے بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔
گڑیا گھر
گھر میں چھوٹی بچی ہو تو اسے یقیناً گڑیا گھر بنانے کا شوق ہوگا جو بازار میں کئی ہزار کے بکتے ہیں اور پائیدار بھی نہیں ہوتے۔ پرانی درازوں پر زرا سی محنت کرکے آپ اپنی بیٹی کے لئے پیارا سا گڑیا گھر بنا سکتے ہیں یا بچوں کو کھلونے رکھنے کے لئے دے سکتے ہیں۔