“میں چھ سال سے یہ ناخن استعمال کررہی ہوں اور اب یہی کہوں گی کہ لڑکیاں مصنوعی ناخن استعمال کرنے میں احتیاط کریں اور میری کہانی سے سبق حاصل کریں“
یہ کہنا ہے برطانیہ کی مشہور فیشن بلاگر امیلیا پیرن کا جنھوں نے اپنے ایکریلک ناخنوں کو ہٹانے کے لئے کسی بیوٹیشن کا سہارا لینے کے بجائے خود ہی صاف کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے ان کے اصلی ناخن بھی جلد سے ہٹ گئے اور پورا ہاتھ زخمی ہوگیا۔
لمبے اور خوبصورت رنگوں سے سجے ناخن لڑکیوں کی کمزوری ہوتے ہیں۔ آج کے مصروف دور میں ناخن بڑھانے کا وقت زرا کم ہی ہوتا ہے اس لئے ایکریلک ناخنوں کا فیشن بہت بڑھ گیا ہے کیونکہ یہ زیادہ عرصے تک ہاتھوں پر موجود رہتے ہیں۔ لیکن یہ ناخن خطرناک بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں “ہماری ویب“ کے قارئین کو بتایا جائے گ کہ ایکریلک نیلز سے ہاتھوں کو کیا کیا خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اور ان سے کس طرح بچا جاسکتا ہے۔
زیادہ لمبے عرصے تک نہ پہنیں
ماہرین کے مطابقایکریلک ناخن زیادہ سے زیادہ 6 سے 8 ہفتوں تک پہننے چاہئیں۔ مصنوعی ناخن پہننے کے دوران جب قدرتی ناخن بڑھتے ہیں تو درمیان کی جگہ بھرنے کے لئے ماہر بیوٹیشن کے پاس جائیں اور خود سے ناخن کاٹنے کی کوشش ہر گز نہ کریں۔
وقفہ دیں
ایک بار ایکریلک ناخن اتار لینے کے بعد اگلے تین سے چھ مہینے تک دوبارہ نہ پہنیں اور قدرتی ناخنوں کو سانس لینے اور مضبوط ہونے کا وقت دیں۔ایکریلک ناخن قدرتی ناخنوں کو باریک اور خراب کردیتے ہیں جنھیں دوبارہ ٹھیک ہونے کے لئے کچھ عرصہ چاہیے ہوتا ہے۔
باورچی خانے میں کام کرتے ہوئے گلوز پہنیں
ایکریلک ناخنوں میں کیمیکل کی بہتات ہوتی ہے جو آگ کے قریب جا کر قدرتی ناخنوں اور ان کے نیچے موجود جلد کو جلا سکتے ہیں اس لئے باورچی خانے اور کپڑے دھونے وغیرہ جیسے کاموں کو کرنے کے لئے دستانوں کا استعمال کریں
صفائی رکھیں
ایکریلک ناخن کے نیچے فنگس اور بہت طرح کے انفیکشنز پیدا ہوسکتے ہیں اس لئے صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ اینٹی بیکٹیریل صابن سے ہاتھ دھوئیں اس کے بعد پانی کو اچھی طرح خشک کریں کیونکہ زیادہ دیر ناخن پانی میں بھیگے رہنے سے بھی فنگس لگ سکتا ہے۔ ناخن کی ہفتہ وار صاف کرنے کے لئے مینی کیور سیٹ سے نرم بالوں والا برش نکال کر استعمال کریں اور اس برش کو بھی دھو کر خشک کرکے رکھیں