کورم پورا نہ ہونے پر خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ طور پر صرف 17 اراکین موجود تھے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں ممبران کی عدم دلچسپی کے باعث حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ طور پر صرف 17 اراکین موجود تھے، وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن رکن اشبر جدون نے وزراء کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس کی وجہ سے وزراء اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے، اشبر جدون نے کہا کہ جب کابینہ کا اجلاس تھا تو اسمبلی اجلاس کیوں طلب کیا گیا۔
اپوزیشن رکن اشبر جدون نے کورم کی نشاندھی کردی، اراکین اسمبلی کی کم تعداد کے باعث کورم ٹوٹ گیا، جس کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 7 جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔