پاکستان اور چین کی آہنی دوستی مضبوط، اسٹریٹجک تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کا عزم

image

پاکستان اور چین نے اپنی آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں سامنے آیا۔

اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت بیجنگ میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چین کے وزیر خارجہ نے کی۔ مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی، تجارتی، سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور عوامی روابط سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بنانے، باہمی اعتماد میں اضافے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ پر اتفاق کیا۔ 2026 میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منانے کا بھی اعلان کیا گیا جس کا مقصد دوستی کو مزید مستحکم کرنا اور تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنا ہے۔

پاکستان نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا جبکہ چین نے پاکستان کی معاشی استحکام اور اڑان پاکستان اقدامات کی تعریف کی۔ اعلامیے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا پاکستان نے ایک چین پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے تائیوان کو چین کا اٹوٹ انگ قرار دیا اور چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی حمایت کی۔

سی پیک کے بلا تعطل فروغ اور سی پیک 2.0 کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں صنعت، زراعت، معدنیات، گوادر پورٹ، قراقرم ہائی وے، خنجراب پاس، ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی اور خلائی تعاون کو ترجیح دی گئی۔

اعلامیے میں دونوں ممالک نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل، افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے اور مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ بندی کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ چین نے پاکستان کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی صدارت اور شنگھائی تعاون تنظیم میں قیادت کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US