وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور ٹی وی اینکر ریحام خان نے بزنس مین سید زلفی بخاری سے لندن کی عدالت میں کیس ہارنے کے بعد معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق ریحام خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے وزیر برائے اوورسیز پاکستانی سید زلفی بخاری پر امریکہ میں موجود ہوٹل روز ویلٹ کی فروخت میں شامل ہونے کا الزام لگایا تھا۔ ریحام خان نے یہ بھی کہا تھا کہ قومی اثاثوں کو زلفی بخاری جیسے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے فروخت کیا جارہا ہے، جوکہ ڈکیتی ہے۔
تاہم ان الزامات کے بعد لندن کی عدالت میں زلفی بخاری نے 6 دسمبر کو ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ جبکہ چند زور قبل عدالت سے الزامات غلط ثابت ہونے پر ریحام خان اپنے الزامات سے، دستبردار ہوگئیں اور معافی نامے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔
ویڈیو میں ریحام خان کا کہنا ہے کہ میں نے زلفی بخاری پر وزیراعظم پاکستان کے ساتھ مل کر ایک کرپٹ پلان کے تحت نیویارک میں واقع زور ویلٹ ہوٹل کو کم قیمت میں فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔ جو کہ غلط اور جھوٹے تھے۔
ریحام خان کا مزید کہنا تھا کہ میری وجہ سے زلفی بخاری کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کیلئے میں غیر مشروط طور پر ان سے معافی مانگتی ہوں۔
تاہم ریحام خان زلفی بخاری کو رقم بھی ادا کریں گی۔